48

پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب کے خلاف ڈکیتی اور ملزم کو چھڑانے کا مقدمہ درج

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے سینیر رہنماء اور سابق وزیر مملکت فرخ حبیب پر تھانہ فیروز والا شیخوپورہ میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔

پی ٹی آئی رہنماء پر سابق وفاقی وزیر اور نائب صدر تحریک انصاف فواد چوہدری کو چھڑانے اور ڈکیتی کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

فرخ حبیب پر مقدمہ کی درخواست تھانہ کوہسار کے پولیس افسر عدیل شوکت کی جانب سے دی گئی تھی۔ شیخوپورہ کے فیروز والا تھانے میں پی ٹی آئی رہنما کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 148، 149، 186، 225، 341، 353 اور 395 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔

ایف آئی آر میں الزام لگایا گیا ہے کہ فرخ حبیب اور دیگر مسلح ملزمان نے کالا شاہ کاکو کے قریب پولیس اہلکاروں پر اس وقت حملہ کیا جب وہ پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کو اسلام آباد لے جا رہے تھے۔

درج کی گئی ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ فرخ حبیب نے کار سرکار میں مداخلت کی اور پولیس اہلکاروں کی وردی پھاڑنے کا جرم کیا۔

اس میں مزید کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما اور ان کے ساتھیوں نے پولیس کی گاڑی اور اسلحہ چھینے کی کوشش کی۔

دوسری جانب سابق وزیر مملکت نے خود کے خلاف درج کی گئی ایف آئی آر کو ’‘ بہت ہی ماٹھی کہانی ’‘ قرار دے دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک پیغام میں فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ درجنوں بندوقوں والے تربیت یافتہ پولیس والوں سے نہتے اکیلے فرخ حبیب نے ڈکیتی کرلی اور ان کی وردیاں بھی پھاڑ دیں ایف آئی آر کا متن، ویسے بہت ہی ماٹھی کہانی بنائی ہے۔

پی ٹی آئی رہنماء نے مزید کہا کہ میں نے تو ویسے بغیر نمبر پلیٹ کالے ویگو کو روکا تھا عدالتی احکامات بتانے کے لئے یہ پولیس کے ساتھ ڈکیتی کہاں سے آگئی؟۔

 

واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنما فرض حبیب کی جانب سے فواد چوہدری کو اسلام آباد لے جانے والی پولیس کی گاڑی کو 25 جنوری کو روک لیا گیا تھا۔

سروسز اسپتال لاہور میں طبی معائنے کے بعد پولیس نے فواد چوہدری کو لاہور سے اسلام آباد منتقل کیا جانے لگا تو کالاشاہ کاکو ٹول پلازہ پر فرخ حبیب نے پولیس کی گاڑی روک لی تھی۔

اس موقع پر فرخ حبیب کی پولیس اہلکاروں کے ساتھ تلخ کلامی اورہاتھا پائی بھی ہوئی۔ پولیس اہلکاروں نے فرخ حبیب کوکھینچ کرگاڑی سے الگ کیا۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پولیس لاہورہائی کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کررہی ہے۔ فرخ حبیب نے ہی سب سے پہلے فواد چوہدری کی گرفتاری کی خبر سوشل میڈیا پر دی تھی۔

 

 

اپنی ٹوئٹ میں فرخ حبیب کہا تھا کہ ’‘ فواد چوہدری کو پولیس نے ان کے گھر سے ابھی گرفتار کرلیا ہے، امپورٹڈ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے ’‘۔