203

نہال ہاشمی نااہل قرار

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما نہال ہاشمی کو دھمکی آمیز تقریر اور توہینِ عدالت کیس میں ایک ماہ قید اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سناتے ہوئے کسی بھی عوامی عہدے کے لیے 5 سال کے لیے نااہل قرار دے دیا۔

جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں جسٹس دوست محمد خان اور جسٹس مقبول باقر پر مشتمل سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے نہال ہاشمی کے خلاف توہینِ عدالت کیس کی سماعت کی۔

گزشتہ سماعت کے دوران نہال ہاشمی نے غیر ذمہ دارانہ اور دھمکی آمیز تقریر پر سپریم کورٹ کے حکم پر تحریری اور غیر مشروط معافی مانگ لی تھی تاہم یکم فروری کو ہونے والی سماعت میں اس معافی کو مسترد کردیا گیا۔

اس موقع پر نہال ہاشمی کمرہ عدالت میں موجود تھے جبکہ پولیس نے انہیں عدالتی فیصلے کے بعد گرفتار کر لیا اور بعدِ ازاں انہیں راولپنڈی کی اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا۔

مذکورہ کیس کا تفصیلی فیصلہ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے تحریر کیا، جو بعد میں جاری کیا جائے گا، جبکہ فیصلہ سناتے ہوئے آصف سعید کھوسہ کا کہنا تھا کہ دو ججز کا اس سزا پر اتفاق ہے تاہم جسٹس دوست محمد نے اس حوالے سے فیصلے میں ایک اختلافی نوٹ بھی لکھا۔