172

ملک کے مختلف علاقوں میں 6.2 شدت کا زلزلہ،ایک بچی جاں بحق

پاکستان کے مختلف علاقوں میں 6.2 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا، زلزلے سے عمارات گرنے کی وجہ سے ایک بچی جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔

 رپورٹ کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب، بلوچستان، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف حصوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

پاکستان کوہ پیما ڈپارٹمنٹ کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6.2ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 169 کلو میٹر تھی۔

اسلام آباد، لاہور، پشاور، ایبٹ آباد، ہری پور، پارا چنار، مہمند ایجنسی، مردان، چنیوٹ، چارسدہ، ڈی آئی خان، ٹانک، لکی مروت، شانگلہ، سوات، مینگورہ، بنوں، بیلہ میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسود کیے گئے۔

اطلاعات کے مطابق زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش ریجن افغانستان اور گہرائی 169 کلومیٹر تھی جبکہ زلزلے کے جھٹکوں کے باعث شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔

زلزلے سے سب سے زیادہ متاثر صوبہ بلوچستان ہوا اور بیلہ کے علاقے میں ایک گھر کی چھت گرنے سے ایک بچی جاں بحق جبکہ 10 افراد زخمی ہوگئے۔

زلزلے کے بعد پشاور کے ایک اسکول میں بھگدڑ مچ گئی، جس کے نتیجے میں 4 بچیاں زخمی ہوگئی۔

زلزلے کے وقت سپریم کورٹ میں مختلف کیسز کی سماعت کے دوران وکلاء اور دیگر افراد باہر آگئے جبکہ پارلیمان ہاؤس سے بھی لوگ خوف زدہ ہو کر باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے نظر آئے۔

دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ زلزلے کے باعث ملک کے کسی بھی حصے میں جانی و مالی نقصان کی اطلاعات نہیں ملیں، تاہم اس حوالے سے تمام متعلقہ اداروں اور پی ڈی ایم اے سے رابطے میں ہیں۔

علاوہ ازیں بھارتی دارالحکومت نئی دہلی، افغان دارالحکومت کابل جبکہ بھارت کے زیر انتظام مقبوضہ کشمیر کے مختلف حصوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

یاد رہے کہ جنوری 2018 کے دوران کوہ ہندو کش ریجن میں 17 بار زلزلہ آیا جبکہ اس کی شدت 3.2 سے لے کر 6.2 ریکارڈ کی گئی، سب سے شدید زلزلہ 31 جنوری کو ریکارڈ کیا گیا۔