271

پشاورمیں گیس لیکیج سے نوبیاہتا جوڑا جاں بحق

پشاور۔یکہ توت کے علاقے ہزار خوانی میں گیس لیکیج کے باعث دم گھٹنے سے نوبیاہتا جوڑا جاں بحق ہوگیا2 دن قبل شادی کے بندھن میں بندھے جوڑے کی اچانک موت سے خوشیوں بھرا گھر ماتم کدہ بن گیا یکہ توت پولیس کے مطابق ہزار خوانی کے علاقہ شیخان کے رہائشی 25 سالہ بختیار خان ولد محمد اشرف خان کی 28 جنوری کو شادی ہوئی تھی منگل کی صبح بختیار اور اس کی اہلیہ مسماۃ ریحانہ یاسمین کو گھر والوں کی جانب سے صبح ناشتہ کرنے کے لئے بلایا گیا تاہم کسی قسم کی آواز نہ آنے پر انہوں نے کھڑکی توڑی تو اندر دونوں میاں بیوی بے سکت پڑے تھے جنہیں بے ہوشی کی حالت میں طبی امداد کیلئے لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے دونوں کی موت کئی گھنٹے قبل ہی واقعہ ہونے کی تصدیق کردی۔

بختیار کے رشتہ داروں نے میڈیا کو بتایا کہ شدید سردی کے پیش نظر کمرے میں لگا ہیٹر گیس لوڈشیڈنگ کی وجہ سے بند ہوگیا تھا جس کے بحال ہونے پر کمرے میں گیس بھر گیا تھا اور جب صبح بختیار اور اس کی اہلیہ کو جگانے کی کوشش کی گئی تو پتہ چلا کہ دونوں کمرے میں گیس بھرجانے کے باعث ابدی نیند سوگئے ہیں مقامی افراد کے مطابق بختیار خان کی 2 روز قبل شادی ہوئی تھی تاہم بعد ازاں پولیس نے پوسٹ مارٹم کرنے کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کردی اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تفتیش کا آغاز کردیا۔