123

اس بار پنجاب میں بھی ہم حکومت بنائیں گے‘آصف زرداری

تونسہ۔شریک چیئرمین پیپلز پارٹی آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ امید ہے انتخابات وقت پر ہونگے ،ہم نے اس بار حکومت بنانی ہی پنجاب میں ہے،پاناما باہر سے شروع ہوا، یہ کسی سیف الرحمن نے شروع نہیں کیا،لوٹی ہوئی دولت واپس لانا ان کے بس کی بات نہیں ۔تونسہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ نوازشریف کیسے مظلوم کیسے ہیں 6 گاڑیاں آگے اور 6 پیچھے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ وہ اپوزیشن میں بھی خود ہیں اور حکومت ان کی ہے، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بھی ان کا ہے اس کے باوجود وہ مظلوم ہیں۔انہوں نے کہا کہ مظلوم ہم تھے ہم بکتر بند میں آتے تھے، ہم نے کیسز بھی بھگتے ہیں ،پہلے جج نے مجھے سزا دی پھر وہ سزا سپریم کورٹ نے ختم کی۔انہوں نے کہا کہ امید ہے انتخابات وقت پر ہوں گے، ہم نے اس بار حکومت پنجاب میں ہی بنانی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ایسے منصوبوں کو افتتاح کرتے ہیں جس کی شروعات اور اختتام ہی نہیں ہوتا ۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے سی پیک کو سمجھا ہی نہیں، ان کے اور منگولیا کے سی پیک کو دیکھ لیں، انہوں نے چین سے ٹرامے لگوائی ہیں، یہ سوچ سوچ کا فرق ہے۔انہوں نے کہا کہ پاناما باہر سے شروع ہوا، یہ کسی سیف الرحمن نے شروع نہیں کیا، یہ معاملہ عالمی سطح پر اٹھا جس میں یہ بھی شامل ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ لوٹی ہوئی دولت واپس لانا ان کے بس میں نہیں ہے۔ سابق صدر سے راؤانوار کے حوالے سے سوال پوچھا گیا تو انہوں نے سوال کا جواب دینے سے گریز کیا ۔