264

کرم ایجنسی میں بارودی سرنگ کا دھماکا؛8 افراد جاں بحق

کرم ایجنسی: غوز گھڑی میں بارودی سرنگ کے دھماکے سے8 افراد جاں بحق جب کہ متعدد زخمی ہوگئے۔

 کرم ایجنسی کے علاقے غوز گھڑی میں گاڑی سڑک کنارے نصب بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی۔ دھماکے سے گاڑی مکمل طور پرتباہ ہوگئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار اور سیکیورٹی فورسز جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں  طبی عملے نے 7 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی جب کہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

دوسری جانب دھماکے میں زخمی ہونے والا ایک زخمی دم توڑ گیا جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 8 ہوگئی ہے۔ پولیٹیکل حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں5 خواتین بھی شامل ہیں اوران تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔