131

عدلیہ مخالف تقاریر ‘نواز شریف کیخلاف درخواست سماعت کیلئے منظور

اسلام آباد۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز شریف کی عدلیہ مخالف تقاریر پردائر درخواست ابتدائی سماعت کے لئے منظور کر لی۔پیر کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے اسلام آباد بار کے وکیل عدنان اقبال کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں نوازشریف، مریم نواز اور پیمرا کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ پاناما فیصلے میں نااہل قرار پانے اور وزارت عظمی سے برطرفی کے بعد نواز شریف اور مریم نواز عدالتوں کے خلاف نفرت پھیلا رہے ہیں۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ نوازشریف کی کوٹ مومن جلسہ اور پنجاب ہاؤس میں تقاریر عدلیہ کے خلاف تھیں اور اداروں کے خلاف کی گئی تھیں۔

لہٰذا ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے اور انہیں سزا بھی دی جائے۔ عدالت نے درخواست کو ابتدائی سماعت کے لئے منظور کیا ہے اور کسی فریق کو نوٹس جاری نہیں کیا گیا۔ درخواست پر باقاعدہ سماعت آئندہ ہفتے متوقع ہے۔