271

عوامی نیشنل پارٹی کا آج پشاور میں سیاسی قوت کا مظاہرہ 

پشاور۔عوامی نیشنل پارٹی کے زیر اہتمام آج کے جلسہ کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں باچا خان مرکز کے قریب زین تارہ ہاؤسنگ کالونی میں ہونے والے جلسہ عام کیلئے4سو سے زائد سرخ پوش پختون زلمے محافظین تعینات کئے جائیں گے، جبکہ پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کیلئے بھی گیلری کا انتظام کیا جائے گا، خواتین کیلئے الگ پنڈال کا مناسب طریقہ کار اپنایا گیا ہے کیونکہ جلسہ عام میں خواتین کی ایک بڑی تعداد بھی شرکت کرے گی۔

پارٹی کی مرکزی و صوبائی کابینہ ،ممبران اسمبلی ، پارٹی کے ضلعی صدور اور ذیلی تنظیموں کے صدور کیلئے سٹیج پر نشستیں مختص کر دی گئی ہیں میڈیا کوریج کے ساتھ ساتھ پارٹی کے آفیشل پیج سے جلسہ عام براہ راست دکھانے کے انتظامات بھی کئے گئے ہیں،جبکہ پشتو کے نامور شعراء اپنے کلام کے ذریعے باچا خان اور ولی خان کو نذرانہ عقیدت پیش کریں گے جس کے بعد مرکزی و صوبائی قائدین خطاب کریں گے۔

صوبائی صدر حید ر ہوتی اور جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک کے مطابق یہ تاریخ کا عظیم الشان جلسہ ثابت ہوگا،جس میں اے این پی کے کارکن سرخ ٹوپیوں اور جھنڈوں کے ساتھ شرکت کریں گے، چیئرمین انتظامی کمیٹی نے کہا کہ گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے بھی خصوصی انتظام کیا گیا ہے ۔