252

پاکستان علماء کونسل کی رجسٹریشن منسوخ 

اسلام آباد ۔الیکشن کمیشن آف پاکستان نے الیکشن ایکٹ 2017پر عملدرآمد نہ کرنے پر پاکستان علماء کونسل کی رجسٹریشن منسوخ کردی ہے۔ الیکشن کمیشن نے پاکستان علماء کونسل کے سابق چیئرمین حافظ طاہر اشرفی سے دولاکھ روپے پارٹی اندراج فیس ،انٹراپارٹی الیکشن کا سرٹیفکیٹ،پارٹی دستور کی پرنٹ شدہ کاپی، مرکزی وصوبائی عہدیداروں کی فہرست ، دوہزار ممبران کے شناختی کارڈ کی فوٹوکاپیاں اور دستخط شدہ ممبر شپ کی تفصیلات طلب کیں تھیں جو کہ وہ جمع نہ کرواسکے ۔ حافظ طاہر محمود اشرفی اور صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے پاکستان علماء کونسل کی2014 ؁ء میں رجسٹریشن کروائی تھی ۔

گزشتہ سال پاکستان علماء کونسل کی مرکزی مجلس شوریٰ نے سابق چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی کے غیر ملکی این جی اوز کے ساتھ معاہدوں سمیت غیر اخلاقی اور غیر آئینی اقدامات کے شواہد سامنے آنے پر جماعت سے نکال دیا تھا۔ پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ سال ہونے والے انٹرا پارٹی الیکشن اور مجلس شوریٰ کے فیصلوں سے الیکشن کمیشن کو آگاہ کردیا گیا تھااور مختلف درخواستوں میں الیکشن کمیشن سے استعدا بھی کی گئی کہ حافظ طاہراشرفی کاالیکشن کمیشن کی ویب سائیٹ پرموجود نام بھی ختم کیا جائے اور جب تک الیکشن کمیشن حتمی فیصلہ نہیں کرتا ان کو انتخابی نشان بھی الاٹ نہ کیا جائے چونکہ حافظ طاہر اشرفی 62/63پر بھی پورا نہیں اترتے چونکہ یہ برطانوی پاسپورٹ بھی رکھتے ہیں اور دوہری شہریت رکھنے والا شخص پاکستان میں الیکشن میں حصہ نہیں لے سکتا اور ایک سیاسی پارٹی کا سربراہ بھی نہیں بن سکتا۔

حافظ طاہر محمود اشرفی کی جانب سے الیکشن کمیشن میں جعلی کاغذات جمع کروائے گئے ہیں اس سے بھی ہم نے الیکشن کمیشن کو آگاہ کیا تھااور ان کاغذات میں جن افراد کے نام شامل ہیں ان کی طرف سے قانونی کارروائی کیلئے ہماری لیگل کمیٹی کام کررہی ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حافظ طاہر اشرفی نے الیکشن کمیشن میں اپنے جھوٹ اور فراڈ کو چھپانے کیلئے ایک جعلی مقدمہ درج کروایا ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ۔

اسلام آباد انتظامیہ اورپولیس افسران سے رابطہ کیاہے جھوٹے مقدمہ کے اندراج میں ملوث تمام افراد کیخلاف قانونی کارروائی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ذرائع ابلاغ کے ذریعے ہمیں معلوم ہوا ہے کہ الیکشن کمیشن نے پاکستان علماء کونسل کی رجسٹریشن منسوخ کردی ہے ۔ پاکستان علماء کونسل کی لیگل کمیٹی الیکشن کمیشن آف پاکستان کے رولز کے مطابق اس مسئلے کو دیکھ رہی ہے اوراس حوا لے سے پاکستان علماء کونسل تمام قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کرے گی۔