24

لاہور میں عام تعطیل کا اعلان

لاہور میں حضرت داتا علی ہجویری کے 979 عرس کی مناسبت سے تعطیل کا اعلان کردیا گیا ہے۔

نوٹی فیکیشن کے مطابق 17 ستمبر 2022 بروز ہفتہ ضلع لاہور میں عام تعطیل ہوگی۔اس تعطیل کا اطلاق صرف لاہور پر ہوگا۔

ایڈیشنل چیف سیکریٹری کی منظوری سے ویلفیر ڈیپارٹمنٹ نے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔

حضرت داتا گنج بخش کے979واں عرس کی سہ روزہ تقریبات 15ستمبر سے شروع ہوں گی اور 17ستمبر تک جاری رہیں گی۔

افتتاحی تقریب جمعرات 15ستمبر دن 11 بجے شروع ہوگی۔ رسم چادر پوشی اور دودھ کی سبیل سے تقریبات کا آغاز ہوگا۔

داتا گنج بخش کے عرس کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی ہوں گے۔

ڈی جی مذہبی امورو اوقاف طاہر بخاری نے بتایا کہ زائرین کے لئے لنگر اور عرس کی دیگر تقریبات اور انتظامات کےلئے 1 کروڑ 25 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں۔

عرس کے دوسرے روز خصوصی محفل سماع ہوگی۔ عرس کے تینوں روز خصوصی محفل قرات و نعت کا بھی انعقاد کیاجائے گا۔

طاہر بخاری نے بتایا کہ عرس کے دوسرے اور تیسرے روز جامعہ مسجد داتا دربار میں روزانہ کی بنیاد پر 4 علمی محافل منعقد کی جائیں گے۔