پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈائریکٹر انٹرنیشنل عثمان واہلہ کو تبدیل کرنےکا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی انتظامیہ عثمان واہلہ سے ناراض تھی۔ عثمان واہلہ کی جگہ سابق کرکٹرکی تقرری کی جائےگی۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ عثمان واہلہ نے سوشل میڈیا پر وہاب ریاض کو جواب دیا تھا۔ وہاب ریاض چند ہفتے پہلے تک پی سی بی کنسلٹنٹ تھے۔
سوشل میڈیا پر ایک پروگرام میں وہاب ریاض نے اسامہ میر کو این او سی نہ دینے پر عثمان واہلہ کو کھری کھری سنائی تھیں، انہوں نے کہا تھا کہ اسامہ میر نے این او سی کے لیے متعدد بار عثمان واہلہ سے رابطہ کیا تاہم عثمان واہلہ نے اسامہ میر کی درخواست کو نظر انداز کیا۔
وہاب ریاض کے الزام پر عثمان واہلہ نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ اسامہ میر سے اس حوالے سے بات ہوئی اور وہ یکطرفہ الزامات کی تردید کرتے ہیں۔
عثمان واہلہ کے جواب پر وہاب ریاض نے عثمان واہلہ کو سب کچھ سامنے لانے کی دھمکی دیتے ہوئے لکھا تھا کہ تمام اسکرین شاٹس اور ای میلز جھوٹ نہیں بول سکتیں، تمام اسٹوری بتاؤں گا۔
وہاب ریاض نے کہا تھا کہ میرے پاس کہنے کو بہت کچھ ہے، صرف اسی سوال کا جواب دیا جو پوچھا گیا تھا اور اگر کوئی اس کی تردید کرتا ہے تو میں تمام ثبوت انہیں فراہم کر دوں گا۔