راولپنڈی میں محکمہ صحت کی جانب سے ڈینگی پر قابو پانےکے لیے مچھلیوں کی مدد لی جا رہی ہے۔
سی ای او ہیلتھ کے مطابق ڈینگی مچھر کا پھیلاؤ روکنےکے لیے خاص قسم کی مچھلیوں کی مدد لی گئی ہے۔ مختلف علاقوں میں گندے پانی میں خاص مچھلیاں چھوڑ دی گئی ہیں۔
سی ای او ہیلتھ کا کہنا تھا کہ چھوٹےسائز کی مچھلیاں ڈینگی لاروا کھاتی ہیں، مچھلیوں سے ڈینگی کا شکار ڈینگی ایمرجنسی کے تحت کیا گیا ہے۔ مچھلیوں کو محکمہ صحت نے محکمہ فشریز کی مدد سے پانی میں چھوڑا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ خاص قسم اور خاص سائزکی مچھلیاں ڈینگی لاروا کے خاتمے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہیں، راولپنڈی میں ڈینگی کے خاتمےکے لیے ہرآپشن استعمال کیا جارہا ہے۔
خیال رہے کہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی وائرس کے مزید 118 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، ان میں سے 102مریضوں کا تعلق راولپنڈی سے ہے۔
محکمہ صحت پنجاب کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سے ڈینگی کے 3 جب کہ چکوال اور سیالکوٹ سے 2،2 کیسز رپورٹ ہوئے۔
پاکپتن، چنیوٹ، رحیم یار خان، سرگودھا، فیصل آباد، اٹک، قصور اور گوجرانوالا سے ڈینگی کا ایک ایک مریض سامنے آیا ہے۔
ترجمان کے مطابق رواں سال کےدوران پنجاب میں اب تک ڈینگی وائرس کے 3 ہزار 403 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔