45

کراچی؛ ڈاکو گلیوں میں وارداتیں کرنے لگے، شہری گھر کی دہلیز پر غیر محفوظ

کراچی: شہر میں ڈاکوؤں کی دیدہ دلیری کے ساتھ وارداتیں جاری ہیں جب کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ناقص حکمت عملی کی وجہ سے لوٹ مار کرنے والے گروہ اسلحہ کے زور پر گلیوں اور گھر کے باہر سے کامیاب وارداتیں کرکے فرار ہو جاتے ہیں۔ ڈکیتیوں کی سی سی ٹی وی فوٹیجز منظر عام پر آنے لگیں۔

گزشتہ روز دستگیر نمبر 9 میں موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے دن دیہاڑے شہریوں کو قیمتی موبائل فون، نقدی اوردیگر اشیا سے محروم کردیا۔ ڈکیتی کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیجز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شہری جیسے ہی اپنے گھرسے باہر نکل کر موٹرسائیکل پر سوارہوتا ہے تو اسی دوران مسلح  ڈاکو موقع پرپہنچ کر شہری کو اسلحہ کےزور پر لوٹ کر با آسانی فرارہوجاتے ہیں ۔

دوسری واردات میں ڈاکوگلی میں کھڑے نوجوانوں سے اسلحہ کے زورپر واردات کرتے ہیں اور با آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو جاتے ہیں۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہےکہ شہر میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا ہے، جس کے باعث شہریوں کا گھر سے نکلنایا عوامی مقامات پراحساس تحفظ کے ساتھ نکلنا مشکل ہوگیا ہے۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر قابو پانے کے لیے ٹھوس اور مؤثر حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر کا خاتمہ کریں۔