68

بلوچستان میں سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 250 سے تجاوز کرگئی

کوئٹہ: بلوچستان میں سیلاب سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 250 سے تجاوز کرگئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق خیبر پختون خوا اور بلوچستان سمیت ملک میں تباہی کی داستانیں رقم کرنے والے سیلاب نے رقبے کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں 254 افراد کی جانیں لے لیں۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بلوچستان میں سیلاب سے جاں بحق ہونے والوں میں 121 مرد، 59 خواتین اور 73 بچے شامل ہیں جبکہ بارشوں کے دوران حادثات کا شکار ہوکر 164 افراد زخمی ہوئے۔

پی ڈی ایم اے کے اعداد و شمار میں کہا گیا ہے کہ 2 لاکھ 8 سو 11 ایکڑ زمین پر کھڑی فصلیں، سولر پلیٹس، ٹیوب ویلز اور بورنگ کو نقصانات پہنچا ہے، بارشوں سے 1 لاکھ 45 ہزار 936 مال مویشی ہلاک ہوئے ہیں جبکہ مختلف مقامات پر 20سے زائد پل ٹوٹ چکے ہیں۔

اسی طرح 1000 کلو میٹر پر مشتمل مختلف شاہرائیں بھی شدید متاثر ہوئی ہیں جبکہ 61 ہزار 718 مکانات منہدم اور جزوی نقصان کا شکار ہوئے۔