39

سندھ میں بلدیاتی انتخابات بلاتاخیر کروانے کیلیے جماعت اسلامی کی درخواست دائر

کراچی: جماعت اسلامی نے بلاتاخیر بلدیاتی الیکشن کروانے سے متعلق سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی۔

سندھ ہائیکورٹ میں جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری جنرل منعم ظفر اور صدر پبلک ایڈ کمیٹی سیف الدین نے عثمان فاروق ایڈوکیٹ کے توسط سے بلاتاخیر بلدیاتی الیکشن کروانے سے متعلق درخواست دائر کی۔

دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ سندھ حکومت جان بوجھ کر حلقہ بندیوں کا عمل تاخیر کا شکار بنا رہی ہے جبکہ صوبائی حکومت حلقہ بندیوں سے متعلق تفصیلات فراہم نہیں کر رہی، ایم کیو ایم اور تحریک انصاف سمیت کچھ سیاسی جماعتوں نے بلدیاتی الیکشن ملتوی کروانے کے لیے دباؤ ڈالا اور اس سلسلے میں عدالت میں درخواستیں دائر کی گئی جو مسترد ہوگئیں۔

درخواستگزا کے مطابق 23 اگست کو الیکشن کمیشن نے حیدر آباد میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا اعلان کیا اور الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ کراچی میں الیکشن شیڈول کے مطابق ہوں گے لیکن 24 اگست کو سندھ حکومت کی درخواست پر الیکشن کمیشن نے موسمی صورت حال کی وجہ سے الیکشن ملتوی کر دیے۔؎

درخواست میں استدعا کی گئی کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا 24 اگست کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جائے اور کراچی میں بلدیاتی الیکشن کی فوری تاریخ مقرر کرکے پولنگ کروانے کا حکم دیا جائے جبکہ الیکشن کمیشن کو بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کرنے کی ہدایت کی جائے۔

درخواست میں الیکشن کمیشن، صوبائی الیکشن کمیشن، سندھ حکومت اور صوبائی میٹرو لوجی ڈیپارٹمنٹ کو فریق بنایا گیا ہے۔