32

بلاول بھٹو سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، آصف زرداری

اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو سیلاب سے متاثرہ عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ سیلاب اور بارش کی وجہ سے صورت حال انتہائی تکلیف دہ ہے، اگر میری صحت اجازت دیتی تو متاثرین کے پاس موجود ہوتا۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان بیت المال کو متحرک کرکے غریبوں کی مدد کرے اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو مزید وسیع کرکے غریبوں کی ہر ممکن مدد کی جائے۔

سابق صدر نے پیپلزپارٹی کے وزرا اور اراکین اسمبلی کو حلقوں کے عوام کے ساتھ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت متاثرین کی دوبارہ بحالی کی ذمہ داری نبھائے گی، متاثرین سے وعدہ ہےکہ ان کی بحالی تک چین سےنہیں بیٹھیں گے سیاست بعد میں ہوتی رہے گی یہ وقت عوام کی بھرپور خدمت کا ہے۔