33

وزیراعظم کی کمراٹ میں پھنسے سیاحوں کو ریسکیو کرنے پر پاک فوج کو شاباش

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کمراٹ میں پھنسے سیاحوں کو ریسکیو کرنے پر پاک فوج سمیت تمام اہلکاروں کو شاباش دی ہے۔

سماجی رابطے کی سائٹ ٹویٹر پر شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ ’بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں کے دورے کے دوران مجھے کمراٹ میں پھنسے لوگوں بشمول طلب علموں کے حوالے سے معلوم ہوا‘۔

وزیراعظم نے کہا کہ جیسے ہی کمراٹ میں پھنسے لوگوں کا معاملہ میرے علم میں لایا گیا تو میں نے تمام تر وسائل استعمال کر کے انہیں ریسکیو کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے لکھا کہ ’الحمداللہ کمراٹ میں پھنسے تمام سیاحوں اور طالب علموں کو ریسکیو کرلیا گیا ہے جس پر پاک آرمی سمیت تمام اہلکار شاباش کے مستحق ہیں‘۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل کمراٹ میں پھنسی خاتون سیاح کا ویڈیو پیغام ایکسپریس نیوز نے حاصل کیا تھا جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ بچوں سمیت 200 افراد کمراٹ کے جنگل میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔ انہوں نے اپنے ساتھ پیش آنے والی مشکلات کے حوالے سے بتایا تھا کہ ہمارے پاس کھانے پینے کے لیے کچھ نہیں جبکہ سردی سے بچنے کے لیے کپڑے بھی نہیں ہیں۔

 


خاتون نے مطالبہ کیا تھا کہ ہمیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے ریسکیو کیا جائے کیونکہ یہاں دونوں طرف دریا کا بہاؤ بہت تیز ہے، جبکہ مسلسل بارش کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ بھی ہورہی ہے۔