31

ہوبارٹ ہوریکینز پاکستانی اسٹارز کے گرویدہ ہوگئے

کراچی: ہوبارٹ ہوریکینز پاکستانی اسٹارز کے گرویدہ ہوگئے جب کہ پلاٹینیم کیٹیگری میں شاداب خان، گولڈ میں آصف اور سلور میں فہیم اشرف کی خدمات حاصل کرلیں۔

آسٹریلوی ٹی 20 لیگ بگ بیش کے آنے والے سیزن کیلیے پلیئر ڈرافٹ گزشتہ روز ہوئے، جس میں ہوبارٹ ہوریکینز نے تینوں پاکستانی پلیئرز کی خدمات حاصل کیں، ہر سائیڈ کو 2 یا 3 اوورسیز کرکٹرز کو اپنی ٹیم میں شامل کرنا تھا۔

پہلے راؤنڈ میں پلاٹینم کیٹیگری پلیئرز کا انتخاب ہوا، ہوبارٹ ہوریکینز کے نئے ہیڈ آف اسٹریٹجی رکی پونٹنگ کی پہلی ’پک‘ شاداب خان تھے، ہوبارٹ کو بی بی ایل 12 کیلیے اسپنر کی ضرورت تھی جبکہ شاداب دستیاب ٹیلنٹ پول کے بہترین اسپنرز میں سے ایک ہیں، انھوں نے 7.26 کے اکانومی ریٹ سے مختصر فارمیٹ میں 226 وکٹیں لی ہیں۔

پلاٹینیم کیٹیگری میں منتخب ہونے والے پلیئرز کا معاوصہ 3 لاکھ 60 ہزار روپے طے ہے۔ دوسرے راؤنڈ میں رکی پونٹنگ نے مڈل آرڈر بیٹر آصف علی کا انتخاب کیا جوکہ گولڈ کیٹیگری کیلیے مقرر 2 لاکھ 60 ہزار ڈالر معاوضہ حاصل کریں گے، تیسرے راؤنڈ میں ہوبارٹ ہوریکینز نے سلور کیٹیگری میں شامل فہیم اشرف کی خدمات حاصل کیں، جنھیں ایک لاکھ 75 ہزار ڈالر معاوضہ ملے گا۔

رکی پونٹنگ کا کہنا تھا کہ ہم اختتامی اوورز کیلیے اپنی بیٹنگ پاور کو مضبوط کرنا چاہتے تھے، اسی لیے ٹم ڈیوڈ، آصف علی، شاداب خان اور میتھیو ویڈ ہمارے لیے قیمتی ثابت ہوں گے، آصف ہماری حکمت عملی میں فٹ بیٹھتے ہیں، ڈیرن بیری ماضی میں ان کے ساتھ کام کرچکے ہیں، ہمیں امید ہے کہ تینوں پاکستانی پلیئرز ہمارے لیے کارآمد ثابت ہوں گے۔ یاد رہے کہ بگ بیش ڈرافٹ میں پاکستان کے 76 پلیئرز شامل ہوئے تھے۔