27

سوات سے ریسکیو کی جانے والی غیرملکی خاتون سیاح پاک فوج کی شکر گزار

مالاکنڈ: خیبرپختونخواہ کے مالاکنڈ ڈویژن کی وادی سوات میں سیلاب کے باعث پھنسے غیر ملکی سیاح سمیت دیگر افراد کو پاک فوج نے باحفاظت ریسکیو کرلیا۔

پاک فوج نے وادی سوات، کمراٹ، دیر اور کالام کے دور افتادہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن کر کے تقریبا 1300 افراد کو ریسکیو کر کے محفوظ مقام پر منتقل کردیا۔

کمانڈر سوات بریگیدیئر ساجد اکبر نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن کے دورنا 250 خاندانوں کو کھانا اور رہائش فراہم کی گئی ہے، جبکہ وادی سوات میں مجموعی طور پر 47 ریلیف کیمپس قائم کئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پچھلے 36 گھنٹوں میں کمراٹ سے 15 لوگوں کو ریسکیو کیا گیا، کچھ لوگ 48 یا 72 گھنٹوں سے محصور ہیں، جنہیں جلد ریسکیو کرلیا جائے گا۔

سیلاب میں پھنسنے والوں میں بزرگ ہسپانوی خاتون سیاح بھی ہیں، جنہوں نے ریسکیو کرنے پر پاک آرمی کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے وادی سوات میں پھنس گئے تھے، پاک آرمی کے شکرگزار ہیں جنہوں نے ریسکیو کیا، بہت برے پھنس گئے تھے، بہت مشکل میں تھے، ہمارے ساتھ چھوٹے چھوٹے بچے بھی تھے۔