51

ملک میں سیلابی صورتحال : وزیرِاعظم کا ہنگامی بنیادوں پرتمام صوبائی حکومتوں کااعلی ٰسطح کااجلاس طلب

وزیرِاعظم شہبازشریف نے ملک میں سیلابی صورتحال کے حوالے سے ہنگامی بنیادوں پرتمام صوبائی حکومتوں کااعلی ٰسطح کااجلاس طلب کرلیا۔ اجلاس میں وزیرِ اعظم آزاد جموں و کشمیر، وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ شریک ہوں گے ۔

وزیرِ اعظم نے سیلاب متاثرین کی امداد کو مزید تیز اور منظم کرنے کیلئے کمیٹیاں تشکیل دے دیں۔

قبل اذیں جمعرات کو وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال پر تین گھنٹے جاری رہنے والے اجلاس میں سیلاب متاثرین کے ریسکیو اور ریلیف آپریشن کیلئے اہم فیصلے لیے گئے۔ اجلاس میں وفاقی وزراء اور اتحادی رہنماؤں کی سربراہی میں بارشوں سے پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال میں پینے کے صاف پانی، خیموں، مچھر دانیوں، ادویات و طبی امداد اور راشن پر علیحدہ علیحدہ کمیٹیاں تشکیل دی گئیں ۔کمیٹیاں تمام صوبوں میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مزکورہ اشیاء کی فوری فراہمی یقینی بنائیں گی۔ کمیٹیوں کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں وزیرِ اعظم نے فوری طور پر اسلام آباد میں سفراء کی کانفرنس بلانے کا فیصلہ بھی کیا ہے جس میں سفراء کو حالیہ بارشوں اور سیلاب سے جانی و مالی نقصان پر اعتماد میں لیا جائے گا۔ سفراء کو حکومت کے ریسکیو اور امدادی آپریشن سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا جائے گا۔ وزیرِ اعظم نے وزارتِ خزانہ کو سیلاب متاثرین کے فوری ریسکیو اور مدد کیلئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لانے کی ہدایت کی اور کہا کہ سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے جس قدر ہو سکے وسائل مہیا کریں۔

وزیرِ اعظم نے بی آئی ایس پی کے تحت جاری فلڈ ریلیف کیش پروگرام میں تقسیم میں تعطل کا سخت نوٹس لیتے ہوئے گزشتہ اجلاس میں بی آئی ایس پی کو تین دن کے دوران فلڈ ریلیف کیش کی رقم تقسیم کرنے کی ہدایات پر عملدرآمد نہ کئے جانے پر برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے بی آئی ایس پی کو 2 ستمبر تک فلڈ ریلیف کیش پروگرام کے تحت 25 ہزار فی متاثرہ خاندان پہنچانے کی دو ٹوک ہدایات کر دیں۔وزیراعظم نے ہدای

ت کی کہ جو بنک اس ٹارگٹ کو پورا نہ کر سکے اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

وزیراعظم نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو فوری طور پر سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے اپنی تمام تر مشینری متاثرہ علاقوں میں بھیجنے کی ہدایت کی اور کہا کہ اس امر کیلئے مشینری کم پڑنے کی صورت میں فوری طور پر نجی شعبے سے اسکا انتظام یقینی بنایا جائے۔وزیرِ اعظم نے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو کیلئے کشتیوں کی یقینی فراہمی کے حوالے سے ڈی جی ایم او اور نیول چیف سے رابطے کی بھی فوری ہدایت کی۔

انہوں نے وزارتِ اقتصادی امور اور وزارتِ خزانہ کو فوری طور پر آج کی ڈونرز کانفرنس میں بین الاقوامی اداروں اور تنظیموں کی طرف سے اعلان شدہ امداد کومتاثرین تک پہنچانے کی جامع حکمتِ عملی بنانے کی واضح ہدایت کی۔ انہوں نے فلڈ ریلیف کمیٹی کو فوری طور پر پاک فوج کو سیلاب متاثرین کے ریسکیو اور ریلیف آپریشن کیلئے مدعو کرنے اور کارروائیوں کو منظم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ڈی جی ایم او کو فوری طور پر اعتماد میں لے کر حکومتی ریسکیو و ریلیف آپریشن اور پاک فوج کے آپریشنز کو یکساں کرکے منظم کیا جائے۔

وزیرِ اعظم نے متاثرہ علاقوں میں گھروں کے بڑی تعداد میں نقصان کے پیشِ نظر متاثرین کیلیے خیموں کی تعداد کو 50 ہزار سے بڑھا کر 2 لاکھ کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت ملک میں سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر ریسکیو اور ریلیف آپریشن پر ہنگامی اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں وفاقی وزراء، چیئرمین این ڈی ایم اے, وزیرِ اعلیٰ سندھ، چیف سیکرٹریز، پی ڈی ایم ایز اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کو حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے حوالے سے نقصان کے اعدادو شمار اور جاری ریسکیو اور ریلیف آپریشن پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔