45

شدید بارشوں کے باعث کراچی پشاور ریلوے روٹ بند

پاکستان ریلوے نے سیلابی صورتحال کے باعث کراچی پشاور ریلوے روٹ بند کرکے شیڈول ٹرینیں منسوخ کردی۔

سیلاب کی صورتحال اور شدید بارشوں کے باعث کراچی پشاور ریلوے روٹ بند ہونے سے 5 ٹرینیں 3 روز کے لئے منسوخ کردی گئیں۔

ریلوے حکام کے مطابق کراچی ایکسپریس،پاکستان ایکسپریس اور تیزگام 3 روز تک نہیں چلیں گی۔ دوسری جانب ریلوے حکام کی جانب سے قراقرم اور عوام ایکسپریس بھی بند کردی گئی جبکہ کوئٹہ جانیوالی بولان میل اور جعفر ایکسپریس پہلے ہی بند ہیں۔

ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ روہڑی سے گمبٹ اور لاکھا روڈ تک مین لائن ڈوب چکی، مسافروں کے تحفظ کے لئے آپریشن بند کیا۔

واضح رہے کہ سندھ میں طوفانی بارشوں سے 24 گھنٹےکے دوران مزید39 افرادجاں بحق ہوگئے جس کے بعد صوبے میں اموات کی مجموعی تعداد 216 ہوگئی جبکہ بلوچستان میں طوفانی بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 226 تک پہنچ گئی ہے۔