26

کل سےبھوک ہڑتال پرہوں تاہم زبردستی کیلا کھلایا گیا ہے،گل کا عدالت میں بیان

بغاوت کے مقدمے میں گرفتار پی ٹی آئی رہنما شہباز گل نے عدالت میں پیشی کے موقع پر جج کے سامنے کہا کہ کل رات سے بھوک ہڑتال پر ہوں،تاہم مجھے زبر دستی کیلا کھلایا اور جوس پلایا گیا،جبکہ باندھ کر میری شیو بنائی گئی،پھر مجھے زبردستی ناشتہ دینے کی کوشش کی گئی۔

شہباز گل کو اسلام پولیس کی سخت نگرانی میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

عدالت میں بیان دیتے ہوئے شہباز گل نے بتایا کہ ایس پی نوشیروان مجھے لے کر آئے اور کہا کہ آپ کی ضمانت ہو گئی ہے، مجھے اسکرین شاٹ دکھایا گیا اور کہا گیا کہ ضمانت ہو گئی، مچلکے جمع کرانے ہیں، مجھے پرائیویٹ گاڑی میں بٹھاکر عدالت لایا گیا، پچھلی رات سے دیکھیں میرے ساتھ کیا ہو رہا ہے۔

جج نے ریمارکس دیے کہ کیا آپ نے ڈاکٹرز کو دکھایا، ہم تو میڈیکل نہیں بتا سکتے۔

شہباز گل نے کہا کہ کل رات سے میں بھوک ہڑتال پر ہوں، مجھ سے کسی کو نہیں ملنے دیا جا رہا، کل رات 12 بندے میرے کمرے میں آئے، مجھے پکڑا اور زبر دستی کیلا کھلایا اور جوس پلایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ رات 3 بجے پھر6 سے 7 لوگ آئے، مجھے کھانا کھلانے کی کوشش کی گئی، مجھے زبردستی باندھ کر 10، 12 بندوں نے شیو کی، میں مونچھیں نہیں رکھتا لیکن مونچھیں چھوڑ دی گئیں، مجھے زبردستی ناشتہ دینے کی کوشش کی گئی۔

جج نے ریمارکس دیے کہ اس کا یہ مطلب تو نہیں آپ بھوک ہڑتال پر چلے جائیں، یہ اچھی بات ہے کہ آپ کی صحت اچھی ہو گئی ہے۔