61

کپڑوں پر پانی کے چھینٹے کیوں آئے؟ ڈرائیور کے خلاف پولیس کو شکایت لگادی

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ایک شہری نے گاڑی سے پانی اچھل کر کپڑوں پر آنےکے بعد ڈرائیور کے خلاف پولیس کو شکایت لگادی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مذکورہ شخص نے اس ڈرائیور کو سبق سکھانے کے لیے پولیس کو بلایا لیکن ڈرائیور پر کسی اور جرم کا الزام لگایا۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق 22 جولائی کو منڈکا پولیس اسٹیشن میں ایک کال موصول ہوئی جس میں فون کرنے والے نے بتایا کہ کوئی شخص اس کی طرف بندوق تان کر بھاگ گیا ہے، اس فون کال کے بعد پولیس فوری طور پر حرکت میں آئی اور موقع پر پہنچی لیکن فون کرنے والا وہاں نہیں ملا اور اس کا موبائل فون بھی بند تھا۔

ڈی سی نے کہا کہ چونکہ یہ واقعہ اسلحہ کی نمائش سے متعلق تھا، معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے تحقیقات کے لیے پولیس ٹیم تشکیل دی گئی۔

بعدازاں 23 جولائی کو مبینہ طور پر کال کرنے والے کی شناخت کی گئی اور اس سے رابطہ کیا گیا،  پوچھ گچھ کے دوران اس نے انکشاف کیا کہ گزشتہ روز جب وہ موٹرسائیکل پر اپنے گھر جا رہا تھا تو  ایک گاڑی پیچھے سے آئی  اور اس پر پانی کے چھینٹے ماردیے۔

اس شخص نے بتایا کہ اس وجہ سے میرے کپڑے خراب ہوئے تو مجھے غصہ آگیا جس پر میں نے ڈرائیور کو ڈرانے کے لیے پولیس کو فون کیا اور جھوٹ کہا، بعدازاں اپنا فون بھی بند کردیا۔