130

10 ہزار میگا واٹ اضافی بجلی نظام میں شامل کردی ہے ‘ احسن اقبال 

اسلام آباد۔ وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ ماضی میں ملک دہشت گردی کی وجہ سے اقتصادی بدحالی کا شکار تھا‘ موجودہ حکومت نے 10 ہزار میگا واٹ اضافی بجلی نظام میں شامل کی‘ دھرتی کو 100فیصد محفوظ بناتے تک دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی‘ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والے یہ جان لیں کہ پاکستانی قوم مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے‘ ہم ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے پر یقین رکھتے ہیں ۔

دنیا ہماری قربانیوں کا اعتراف کرے ‘ کسی کو پاکستان میں دہشتگردی کرنے اور نہ ہی اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کیخلاف استعمال کرنے کی اجازت دینگے ‘ ہمیں دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کیلئے متحد ہونا ہوگا اگر ایک دوسرے پر انگلی اٹھائیں گے تو اسکا فائدہ دہشت گرد اٹھائیں گے۔ منگل کو احسن اقبال نے پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز میں پاسنگ آؤٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دینے والے ہمارے ہیرو ہیں۔

ملک میں امن کی قیمت شہداء نے اپنے خون سے ادا کی ہے۔ پوری قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ پاس آؤٹ ہونے والوں کو اپنے حلف کی لاج رکھنا ہوگی ہمیں اپنے جوانوں کی مہارت پر فخر ہے جوانوں کی مہارت اور صلاحیتیں دیکھ کر خوشی ہوئی۔ جوانوں نے اس بات کا ثبوت دیا کہ دہشت گردی کے خلاف پرعزم ہیں دہشت گردی کو شکست دینے کے لئے پاکستان کی بیٹیاں بھی شانہ بشانہ شریک ہیں۔

ماضی میں ملک دہشت گردی کی وجہ سے اقتصادی بدحالی کا شکار تھا سکیورٹی کی ناگفتہ بہ صورتحال کی وجہ سے کوئی سرمایہ لگانے کو تیار نہیں تھا حکومت نے چیلنجز کو قبول کیا اور بجلی سمیت دیگر بحرانوں پر قابو پایا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے دس ہزار میگا واٹ اضافی بجلی نظام میں شامل کی۔ بجلی کی قلت کو پورا کرنا غیر معمولی کامیابی ہے۔ دھرتی کوسو فیصد محفوظ بنانے تک دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔

پرامن ‘ خوشحالی‘ متحدہ پاکستان دے کر جانا چاہتے ہیں۔ ہم پاکستان کو قائد کے خوابوں کی تعبیر بنانا چاہتے ہیں۔ مذہب کی بنیاد پر منافرت رکھنا تحریک پاکستان سے غداری ہے۔ پاکستان میں کسی مذہب کے ساتھ تعصب نہیں برتا جاتا پاکستان ایک گلدستہ ہے جس میں تمام رنگ اسے خوبصورت بناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رواں برس لوڈ شیڈنگ مکمل ختم کردیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر آج پاکستان میں کسی کے خلاف مذہب کی بنیاد پر کسی سے تعصب رکھیں گے تو تحریک پاکستان کی نفی کرینگے ۔

دوہزار سے زائد علما نے فتوی جاری کیا ہے کہ آئین اسلام کے مطابق ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن اور ترقی چولی دامن کا ساتھ ہے جہاں امن نہ کو ترقی آنکھ چرا جاتی ہے ۔ ہمیں تیزی سے آگے بڑھنا ہے قوم اب ترقی کے راستے پر گامزن ہوچکی ہے دس برسوں میں ترقی کی اب مزید ترقی کرینگے ۔ہمارے دشمن ہمیں لڑانا چاہیتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا اور اسرائیل کے وزراء اعظم کے مذاکرات کی باز گشت سنائی دیتی ہے تو ٹرمپ کی ٹوئٹ کے اندر چھپا پیغام بھی نظر آتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صرف ریاست کی اجازت سے جہاد کیا جاسکتا ہے ۔ امن کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کرسکتی ہم نے اقتصادی جنگ جیتنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی نے پاکستان پر میلی آنکھ ڈالے گا وہ جان لی یہ قوم مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔ ہم ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے پر یقین رکھتے ہیں ۔ دنیا ہماری قربانیوں کا اعتراف کرے ہم کسی کو پاکستان میں دہشتگردی کی اجازت نہیں دینگے نہ ہی اپنے ملک کی سرزمین کسی دوسرے ملک میں دہشت گردی کی اجازت دینگے ہمیں دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کیلئے اشتراک کرنا ہوگا اگر ایک دوسرے پر انگلی اٹھائیں گے تو اسکا فائدہ دہشت گرد اٹھائیں گے۔