107

دشمن بزدلانہ اقدامات میں کامیاب نہیں ہوسکیں گے ٗ ایئر چیف

کراچی۔چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئرچیف مارشل سہیل امان نے پاکستان کے دشمنوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے بزدلانہ اقدامات میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہوسکیں گے۔ پاکستان اللہ کی مہربانی سے ترقی کی راہ پر ہر صورت گامزن رہے گا۔ پاک فضائیہ جدید اور ملکی ساختہ ہتھیاروں کے نظام ، راڈار اور اعلی جنگی آلات سے لیس ہے جو کہ ہر طرح کے اندرونی اور بیرونی خطرات سے نمٹنے کے لئے موزوں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ائیرواپرینٹیسز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔مہمان خصوصی کی پریڈ سکوائر آمد پر ائیر آفیسر کمانڈنگ سدرن ائیر کمانڈ ، ائیر وائس مارشل حسیب پراچہ نے ان کا استقبال کیا۔

ایئرچیف سہیل امان نے کہا کہ پاک فضائیہ بین الاقوامی فضائی معیار کے بہترین پیشہ ورماہرین کو تیار کرنے کے لئے انہیں جدید خطوط پر تربیت فراہم کررہی ہے ۔ائیر چیف نے کہا کہ پاک فضائیہ نے منفرد اور جدید تعلیمی اور عملی تربیت کا نظام متعارف کروایا ہے۔ مجھے امید ہے کہ یہ نئی تربیتی اسکیم پاک فضائیہ کے قیمتی اثاثہ جات کی تکنیکی ضروریات کو ہر لحاظ سے پورا کرے گی۔ ائیر چیف نے ائیرو اپرینٹسز کو یاد دہانی کراتے ہوئے کہا کہ آنے والے وقت میں انہیں سخت چیلنجز کا سامنا کرنا ہو گا لیکن اللہ پر یقین اور خود اعتمادی کے ساتھ وہ ہر مشکل پر قابو پا سکتے ہیں ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آپ اپنے وقت اور توانائیوں کو اپنے پیشے اور کام کے لیے وقف کریں گے اور اپنے اپنے شعبہ جات میں بھر پور مہارت حاصل کرنے کے مصمم جذبے کے ساتھ کام کریں گے۔ پاک نیوی اور دوست ممالک کے ٹیکنیشنز سمیت 782 ائیرو اپرینٹسسز نے کامیابی سے اپنی تکنیکی تربیت مکمل کی۔ مہمان خصوصی نے پاس آؤٹ ہونے والے ائیرو اپرینٹسسزمیں ٹرافیاں تقسیم کیں۔

ا ئیرو سپیس ٹیکنالوجی میں اصغر خان ٹرافی ائیرویپن ٹیکنیشن محمد ارسلان باجوہ کو دی گئی جبکہ نور خان ٹرافی ائیر کرافٹس مین محمد عثمان نے حاصل کی۔ ائیرو سپورٹ ٹیکنالوجی کی ظفر چودھری ٹرافی سکو ل آف ائیر و ناٹیکس کے ائیر کرافٹ مین نعمت اللہ کو دی گئی۔ جبکہ ائیرو سپورٹ ٹیکنالوجی کی رحیم خان ٹرافی سکو ل آف الیکٹرانکس کے ائیر کرافٹ مین عامر دانش نے حاصل کی۔ مجموعی طور پر بہترین کارکردگی کے حامل غیر ملکی زیر تربیت سری لنکا کے لیڈنگ ائیر کرافٹ مین امارا کون کو دی گئی جبکہ جنرل سروس ٹریننگ کی بیس کمانڈر ٹرافی ائیر کرافٹس مین بیس سارجنٹ محمد عثمان اشفاق نے جبکہ مجموعی طور پر بہترین کارکردگی کی چیف آف ائیر سٹاف ٹرافی ائیر کرافٹس مین محمد عثمان نے حاصل کی۔ ائیر کموڈور ابراہیم اسد، بیس کمانڈر کورنگی کریک بھی اس تقریب میں موجود تھے۔