59

7 سے 10 محرم تک شہر کو سیل کرنے کا فیصلہ

پشاور- صوبائی دارالحکومت پشاور میں محرم الحرام میں امان وامان کی فضاء برقرارکھنے کیلئے 7 سے 10 محرم تک شہر کو سیل کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے جبکہ جلوس کی گزرگاہوں پر ہر قسم ٹریفک کے داخلے پر پابندی عائد کی جائیگی 61امام بارگاہوں ٗ 10مساجد ٗ 116ماتمی جلوس اور 100مجالس کی سکیورٹی کیلئے 12ہزار سے زائد اہلکار تعینات کئے جائیں گے پشاور کے 40 مقامات کو انتہائی حساس قرار دیاگیا ہے 9 اور 10 محرم کو موبائل فون سروس بند رکھنے کیلئے خط ارسا ل کردیا گیا ہے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پاک فوج کو سینڈ بائے رکھا گیا ہے پولیس کے ساتھ فرنٹیئر کانسٹبیلری کی 19 پلاٹون نفری بھی ڈیوٹی انجام دیگی۔

 اس ضمن میں گزشتہ روز تھانہ خان رازق شہید میں قائم پولیس کنٹرول روم میں سی سی پی او پشاور محمد کریم خان نے ایس ایس پی آپریشنز ظہور بابر آفریدی ٗ ایس پی سٹی عتیق شاہ ٗ ڈی ایس پی گوہر خان اور لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ڈائریکٹر خالد مسعود کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ محرم الحرام کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے اب تک شہر بھرمیں 237سرچ اینڈ سٹرائیک اور ٹارگٹڈ آپریشنز کئے گئے ہیں جس میں درجنوں مشکوک او ر مشتبہ افراد کو گرفتار کیاگیا ہے انہوں نے کہاکہ سکیورٹی کو مزید فول پروف بنانے کیلئے پشاور پولیس نے  64مقامات پر انٹری پوائنٹ بنائے ہیں۔

جس پر 268پولیس اہلکارتعینات کئے گئے ہیں اس کے علاوہ پشاور میں 565مقامات پر ناکہ بندیاں قائم کی گئی ہیں امام بارگاہوں اور جلوسوں کو تین لیئر سکیورٹی میں تقسیم کیاگیا ہے 40ٹربل پوائنٹس کے ساتھ ساتھ 42مقامات پر گن پوائنٹ بھی قائم ہیں ماتمی جلوس کے راستوں اور امام بارگاہ جانے والے تمام روٹس پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کردیئے گئے ہیں اس علاوہ حساس مقامات پرAPC کے ساتھ ساتھ RRFاورATS کے اہلکاروں کو بھی تعینات کئے گئے ہیں انہوں نے کہاکہ ڈرون کیمروں کے ذریعے بھی جلوسوں کی نگرانی کی جائیگی۔