35

کمرشل بینکوں کا اکاؤنٹس ہولڈرز کی معلومات دینے سے انکار

اسلام آباد۔ بے نامی جائیدادوں کے معاملے میں کمرشل بینکوں کی جانب سے ایف بی آر کو اکاؤنٹس ہولڈرز کی معلومات دینے سے انکار کردیاہے جبکہ ایف بی آر کی جانب سے تمام بینک سربراہان کو دوبارہ لکھے گئے خطوط کے باوجود معلومات فراہم نہیں کی گئیں،تفصیلات کے مطابق جائیداد ظاہر کرنے کی ایمنسٹی اسکیم کے بعد حکومت اور ایف بی آر کی جانب سے ملک بھر اور بیرون ممالک میں پاکستانیوں کے بے نامی جائیدادوں اور بینکوں میں موجود رقوم کے حوالے سے سخت کاروائی کا عندیہ دیا گیا تھا۔

 لیکن اس عمل میں سست رفتار دیکھی ہے جبکہ کمرشل بینکوں کی جانب سے ایف بی آر کو اکاؤنٹس ہولڈرز کی معلومات دینے سے انکار کردیا ہے، کمرشل بینکوں نے ایف بی آر کو خط کے جواب میں کہا ہے کہ وہ قوانین کے مطابق اپنے کھاتہ داروں کی خفیہ معلومات کسی کو بھی نہیں دے سکتے،بے نامی جائیدادوں کے ڈیٹا حاصل کرنے کیلئے ایف بی آر کی جانب سے کمرشل بینکوں کے سربراہان دوبارہ خطوط بھی لکھے گئے لیکن بینکوں کی جانب سے اس حوالے سے صاف انکار پیغام ایف بی آر کو دیا گیا ہے۔