32

عام انتخابات کو ایک سال مکمل، پی ٹی آئی کا ’یومِ تشکر‘

انتخابات 2018 کو ایک سال مکمل ہونے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی اؔئی) 25 جولائی کو یومِ تشکر منا رہی ہے، دوسری جانب اپوزیشن جماعتیں آج کے دن کو یوم سیاہ قرار دے کر احتجاجی مظاہرے کررہی ہیں۔

ملک کی تاریخ کے گیارہویں عام انتخابات میں پی ٹی آئی سب سے زیادہ ووٹ لینے والی جماعت کے طور پر سامنے آئی تھی، جس نے قومی اسمبلی میں کل ووٹوں میں سے تقریباً ایک تہائی ووٹ حاصل کیے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے اعداد و شمار کے مطابق پی ٹی آئی نے 25 جولائی کو ہونے والی ووٹنگ کے نتیجے میں قومی اسمبلی کی نشستوں پر ایک کروڑ 68 لاکھ 51 ہزار 240 ووٹ حاصل کیے اور تمام جماعتوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔

چنانچہ انتخابات میں کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر تحریک انصاف آج یومِ تشکر منا رہی ہے۔

اس سلسلے میں پی ٹی آئی رہنماؤں نے سماجی روابط کی ویب سائٹ پر یومِ تشکر کے حوالے سے پیغامات پوسٹ کیے اور اس میں اپوزیشن جماعتوں کو تنقید کا ہدف بنانا نہیں بھولے۔

اس ضمن میں ٹوئٹ کرتے ہوئے صوبہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ 25 جولائی ایک خوبصورت سفر کا آغاز تھا جو بدعنوانی سے احتساب، ذاتی مفاد سے قومی مفاد، موروثی حکمرانی سے میرٹ اور منافقت سے جمہوریت کا سفر تھا۔