56

خیبر پختونخوا میں 18ہزار کلومیٹر سڑکوں پر کام جاری

پشاور۔خیبر پختونخوا کے وزیر برائے مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب خان نے کہا ہے کہ محکمہ مواصلات وتعمیرات صوبے میں مواصلاتی نظام کی تعمیر وبحالی اور سرکاری سطح پر مختلف ترقیاتی منصوبوں خاص کرشاہراہوں کی تعمیر میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے محکمہ مواصلات و تعمیرات کو جدید خطوط پر استوار کرنے، محکمے کی استعداد کار میں اضافہ کرنے اور تعمیراتی منصوبوں میں شفافیت لانے کے لئے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کئے ہیں اور اس وقت محکمہ مواصلات کی زیر نگرانی عوامی فلاح وبہبود کے کئی ایک منصوبوں پر اعلی معیار کو یقینی بناتے ہوئے کام تیزی سے جاری ہے۔جبکہ محکمہ مواصلات و تعمیرات اب بھی 22 دوسرے سرکاری اداروں کی عمارات کے منصوبوں پر کام کر رہا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ 18 ہزار کلومیٹر سڑکوں پر بھی کام جاری رکھے ہوئے ہے۔ اکبر ایوب خان نے کہا کہ محکمہ مواصلات و تعمیرات صوبے کی ترقی و خوشحالی کیلئے مختلف فلیگ شپ منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔

جس میں سوات موٹروے کا دوسرا حصہ جو چکدرہ سے فتح پور تک ہے، پشاور سے ڈی آئی خان موٹر وے، بڈہ بیر سے چمکنی بائی پاس،حطار روڈ، مردان صوابی روڈ اور اسطرح دیگر منصوبے بھی شامل ہیں جن کی تکمیل سے نہ صرف لوگوں کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا ہونگی بلکہ اسکے ساتھ ساتھ تجارت، سیاحت، معدنیات اور دیگر کاروباری سرگرمیاں پروان چڑھیں گی جو کہ صوبے میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی کاوشوں اور ترقی کا منہ بولتا ثبو ت ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز کیبنٹ روم پشاور میں محکمے مواصلات و تعمیرات کی کارکرگی کے حوالے سے منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات شوکت علی یوسفزئی بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ گذشتہ مالی سال کے دوران مختلف منصوبوں اور خاص طورپر شاہراہوں کی بحالی، مرمت اور ان کو دو رویہ بنانے کی مد میں 15121.986 ملین کی خطیر رقم خرچ کی گئی ہیں اور 607 کلومیٹر سڑکوں کی مرمت اور بحالی کی گئی۔جبکہ بلڈنگ سیکٹر میں 783.398 ملین کی رقم خرچ کی گئی اور 108974 مربع فٹ عمارات کی تعمیر اور مرمت بھی کی گئی۔

آئندہ مالی سال کے ترقیاتی پروگراموں میں سڑکوں کی تعمیر، مرمت اور انہیں دو رویہ کرنے کی مد میں 10195ملین اور عمارات کی مد میں 1002ملین روپے تک خرچ کرنا محکمہ مواصلات کاہدف ہے ر محکمہ رواں سال کے اندر 500000 مربع فٹ عمارات کی تعمیر کا ارادہ رکھتا ہے۔اسی طرح اگلے پانچ سالوں کے لئے محکمہ روڈ سیکٹرکی بہتری کیلئے 64000ملین روپے کی لاگت سے عوام کو جدید سفری سہولیتں فراہم کرے گا اور اس مقصد کے لئے تریباً  1680 کلومیٹر سڑکوں کی تعمیرممکن ہوسکے گی۔مزید برآں سرکاری عمارتوں کی تعمیر ومرمت کے لیے بھی 500 ملین روپے مختص کئے جائیں گے   پورے صوبے بشمول نئے ضم شدہ  اضلاع میں ای۔بلنگ اور ای۔بڈنگ کے اجراء، GIS/MIS کے قیام،   3rd party validation، ایم آر ایس کو فعال بنانے،کرپشن کی روک تھام کے لیے سزا اورجزا  پر مبنی نظام متعارف کرانا اور محکمے کی تعمیر نو کے سلسلے میں ایک جامع پروگرام محکمہ خزانہ کو ارسال کرنے جیسے اقدامات شامل ہیں۔

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ تمام محکموں کو بشمول محکمہ مواصلات وتعمیرات کو وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی  طرف سے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ اپنے کارکردگی کو بہتر سے بہتر بنائیں اور محکموں میں شفافیت اور عوام دوست پالیسیوں پر کام کیا جائے  تا کہ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ مستفید کیا جا سکے اور صوبے میں میرٹ کی بالادستی ہوں۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت صوبے میں تمام پارٹیوں کو ساتھ لے کر چل رہی ہے اور اپوزیشن ممبران کو بھی فنڈز میں بھر پور حصہ دیا جارہا ہے تا کہ صوبے میں یکسا ں ترقیاتی کام کئے جا سکیں اور خاص کر قبائلی اضلاع کی تعمیر و ترقی پر توجہ دی جار ہی ہے۔