51

اپوزیشن جماعتیں آج یوم سیاہ منائیں گی

لاہور/اسلام آباد/پشاور۔اپوزیشن رہبر کمیٹی کے فیصلے کے مطابق متحدہ اپوزیشن آج (جمعرات)25جولائی کو یوم سیاہ منائے گی، اپوزیشن کی جانب سے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف صوبائی دارالحکومتو ں میں احتجاجی جلسے منعقد کئے جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں پر مشتمل رہبر کمیٹی نے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف 25جولائی کو یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا تھا جس کے مطابق آج بروز صوبائی دارالحکومتوں میں احتجاجی جلسے منعقد کئے جائیں گے جبکہ دیگر مقامات پر بھی احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔

 جلسوں کے لئے مختلف سیاسی جماعتوں کو میزبانی سونپی گئی ہے اور اس سلسلہ کی مرکزی تقریب پشاور میں ہو گی جس سے مرکزی قائدین خطاب کریں گے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں مسلم لیگ (ن) کی میزبانی میں چیئر نگ کراس چوک میں جلسہ ہو گا۔

 جس میں مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی، جے یو آئی (ف)، عوامی نیشنل پارٹی اور جمعیت اہلحدیث سمیت دیگر جماعتوں کے کارکنان شریک ہوں گے۔ جلسے سے مسلم لیگ (ن) صدر محمد شہباز، پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے رہنما خطاب کریں گے۔