34

حمزہ شہباز کے جسمانی ریمانڈ میں مزید توسیع

لاہور۔ احتساب عدالت نے آمدن سے زائداثاثہ جات کیس میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 10 دن کی توسیع کرتے ہوئے 3 اگست کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔تفصیلات کے مطابق نیب نے آمدن سے زائداثاثہ جات کیس میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کو چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر لاہورکی احتساب عدالت میں پیش کیا۔ دوران سماعت وکیل نیب نے کہا 2 کروڑ کے 2004 سے ٹیکس ریٹرن نہیں ملے اور 2 بے نامی کمپنیاں بھی سامنے آئی ہیں۔

 کمپنیوں کی 5 ارب روپے کی ٹرانزکشز ہوئی ہیں، ڈائریکٹر کو طلب کیا تو ریکارڈ دینے کا وعدہ کیا لیکن کچھ نہیں دیا۔وکلائے صفائی کا کہنا تھا جو کچھ لکھوایابے بنیاد ہے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کی جائے۔احتساب عدالت نے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کا 10 دن کا مزید ریمانڈ دے دیا اور 3 اگست کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔

حمزہ شہباز نے احتساب عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا اس حکومت نے غریب کو مزید مشکل میں ڈال دیا ہے، لوگ موجودہ حکومت کو بد دعائیں دے رہے ہیں، احتجاج ہر سیاسی جماعت کا حق ہے، حکومت فاشزم کا مظاہرہ کر رہی ہے، مہنگائی اور حکومتی انتقامی کارروائیوں کیخلاف عوام احتجاج کیلئے نکلیں گے، عوام موجودہ حکومت سے تنگ آچکے ہیں۔