35

جج کی ویڈیو بنانے والا مرکزی ملزم میاں طارق اشتہاری قرار

ملتان۔ملتان کی مقامی عدالت نے جج ارشد ملک کی ویڈیو بنانے والے مرکزی ملزم میاں طارق کو اشتہاری قرار دے دیا۔ میاں طارق کے خلاف مقدمہ نمبر 636/16 تھانہ چہلیک میں درج جعلی دستاویزات بنانے کیس کی سماعت ہوئی۔سماعت کے دوران میاں طارق اور اس کے بیٹے ارسلان کو جوڈیشل مجسٹریٹ مرید عباس نے عدالتی اشتہاری قرار دیا۔

میاں طارق نے جعلی اقرار نامے اور گاڑیوں کے  شوروم کے مالک کے خلاف 50 کروڑ روپے لین دین کا دعویٰ کر رکھا ہے۔میاں طارق اور ارسلان طارق کو بار بار نوٹسز کے باوجود عدالت میں پیش نا ہونے پر عدالتی اشتہاری قرار دیا گیا ہے۔عدالت نے پولیس کو ملزمان کو گرفتار کر کے عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم جاری کردیا۔خیال رہے کہ موصول ہونے والے ریکارڈ میں میاں طارق کا جرائم کے حوالے سے کردار سامنے آیا تھا۔

میاں طارق کے خلاف ملتان کے مختلف تھانوں میں 2015 سے 2018 کے درمیان دس سے زائد مقدمات درج ہوئے۔ میاں طارق نے انشورنس کے پیسوں  کیلئے اپنی ہی دکان میں آگ لگوائی جس کا مقدمہ بھی درج کیا گیا۔ذرائع کے مطابق ملتان کی ابدالی روڈ کے متعدد تاجر میاں طارق اور ان کے بیٹے فیصل کی دھمکیوں سے تنگ تھے۔