53

تفریحی مقامات پر گندگی پھیلانے والوں کی شامت

پشاور۔خیبرپختونخوا کے سینئر وزیر برائے سیاحت عاطف خان کی ہدایت پر سیاحتی مقامات میں گندگی پھیلانے والوں کے خلاف سخت کاروائی جاری ہے۔ہوٹل اور ریسٹورنٹ مالکان کو گندگی پھیلانے پر بھاری جرمانے عائد کئے گئے ہیں۔ گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے پہلی مرتبہ سیاحوں پر بھی  جرمانے عائد کئے گئے ہیں۔اسکے علاوہ صفائی اور گندگی نہ پھیلانے کے حوالے سے بھرپور آگاہی مہم بھی جاری ہے۔گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے رواں سیزن کے دوران ہوٹل اور ریسٹورنٹ مالکان سمیت گندگی پھیلانے والے سیاحوں پر بھاری جرمانے عائد کئے ہیں۔

گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مطابق اب تک 23 ہوٹل مالکان پر 53000 روپے تک جرمانے عائد کئے گئے ہیں اسی طرح 18  ریسٹورنٹ مالکان کے خلاف گندگی پھیلانے پر کاروائی کرکے 32000 روپے تک جرمانے وصول کئے جاچکے ہیں۔اس کے علاوہ کیبین مالکان پر 36000، اور ریزیڈنٹ ہاوسز پر 18000 روپے کے جرمانہ عائد کئے گئے ہیں۔ سیاحوں سے  بھی گندگی پھیلانے پر 6000 روپے تک جرمانے وصول کئے جا چکے ہیں۔

گندگی پھیلانے پر نتھیا گلی میں موجود سپیکر ہاوس کو بھی 10000 روپے جرمانے کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔سینئر وزیر برائے سیاحت عاطف خان نے متعلقہ حکام کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ گندگی پھیلانے والوں کے خلاف بغیر کسی تفریق کے سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جگہ جگہ پر کوڑا دان نصب کئے گیے گئے ہیں۔

 اسکے علاوہ سینٹری کیمپ بھی قائم کئے گئے تاکہ علاقے میں صفائی یقینی بنایا جاسکے۔ سینئر وزیر کا کہنا ہے کہ کسی کو بھی گندگی پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائیگی سیاح دلکش نظاروں اور خوبصورت مقامات سے لطف اندوز ضرور ہو ں لیکن گندگی پھیلانے سے گریز کریں۔