29

ڈبلیو ایس ایس پی کا اخراجات میں کمی لانے کا فیصلہ

پشاور۔ واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) نے دستیاب وسائل کا بہتر استعمال کرتے ہوئے اخراجات میں کمی لانے کی پالیسی کے تحت رنگ روڈ پر ٹرانسفر سٹیشن قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے جس میں ری فیولنگ پوائنٹ، سروس پوائنٹ، پارکنگ اور ورکشاپ کی سہولت بھی میسر ہوگی، زون بی میں کمپیکٹرز کو تجرباتی بنیادوں پر پرائمری کلیکشن کے لئے استعمال کیا جائے گا۔

 ان کے ڈیزائن میں تبدیلی کی غرض سے تیکنیکی ومالی تجاویز اور ناکارہ و پرانی گاڑیوں کی نیلامی کا جائزہ لینے کے لئے کمیٹی قائم کر دی گئی جبکہ بی آر ٹی ٹریک کی صفائی اور دیگر خدمات کے حوالے سے متعلقہ محکمے سے رابطے کا بھی فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ یہ فیصلے چیف ایگزیکٹو آفیسر سید ظفر علی شاہ کی صدارت میں ہونے والے زونل منیجرز اور شعبہ منصوبہ بندی کے حکام کے اجلاس میں کئے گئے جس میں اخرجات کمی کی پالیسی کے تحت اب تک اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

سید ظفر علی شاہ نے شعبہ پراجیکٹس کو ہدایت کی کہ ٹرانسفر سٹیشن کا نقشہ جلد از جلد بنواکر ٹی ایم اے سے منظوری لی جائے شمشتو ڈمپنگ سائٹ کی چار دیواری کی تعمیر کا کام فوری شروع کیا جائے، پرائمری کلیکشن کے لئے تجرباتی استعمال کے دوران کمپیکٹرز کے اخراجات کا موازنہ سیکنڈری کلیکشن کے ساتھ کرتے ہوئے تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔