33

مریم نوازجعلی دستاویزا ت پیش کرنے پر طلب

 اسلام آباد۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کو ایون فیلڈ ریفرنس میں جعلی دستاویز عدالت میں پیش کرنے پر (کل)19 جولائی کو احتساب عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیدیا۔ بدھ کو میڈیا رپورٹ کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نیب کی درخواست پر سابق حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کو 19 جولائی کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

قومی احتساب بیورو بے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ مریم نواز نے ایون فیلڈ ریفرنس میں جعلی ٹرسٹ ڈیڈ پیش کر کے عدالت کو گمراہ کیا تھا لہٰذا عدالت اپنے اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے مریم نواز کو اس جرم میں بھی سزا سنائے۔احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں جرم ثابت ہونے پر سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کو دس سال قید، ان کی بیٹی مریم نواز کو سات سال قید اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی،میاں نواز شریف کے صاحبزادوں حسن نواز اور حسین نواز کو مفرور قرار دیا گیا،نیب کی درخواست پر جج محمد بشیر 19 جولائی کو سماعت کریں گے۔

دوسری جانب ذرائع کے مطابق مریم نواز شریف جمعرات کو اسلام آباد پہنچیں گی،مریم نواز جمعہ کے روز نیب عدالت میں پیش ہوں گی۔ذرائع نے بتایاکہ مریم نواز جی ٹی روڈ سے لاہور سے ریلی کے ذریعے اسلام آباد پہنچنے کی خواہش مند تھی تاہم سابق وزیراعظم محمد نوازشریف نے اپنی بیٹی کو ریلی کے ذریعے اسلام آباد جانے سے روک دیا۔ ذرائع کے مطابق مریم نواز شریف کا اسلام آباد آمد پر کارکنان استقبال کریں گے۔