32

ملک بھر میں بارشیں، جاں بحق افراد کی تعداد 46 ہو گئی

اسلام آباد۔ملک بھر میں حالیہ بارشوں سے 46 افراد جاں بحق اور 39 زخمی ہو گئے۔نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)نے حالیہ بارشوں اور موسمی صورتحال سے نقصانات کے نئے اعداد و شمار جاری کر دیے۔ جس کے مطابق حالیہ جاری بارشوں کی وجہ سے 182 گھروں کو نقصان پہنچا۔این ڈی ایم اے کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق پنجاب میں طوفانی بارشوں کی وجہ سے مختلف حادثات میں 10 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 25 افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں طبی امداد فراہم کی گئی۔خیبر پختونخوا(کے پی)میں بارشوں کے دوران 9 افراد جاں بحق ہوئے اور 7 شدید زخمی ہوئے جبکہ آزاد جموں و کشمیر میں 27 افراد جان سے گئے اور 7 افراد زخمی ہوئے۔

محکمہ موسمیات نے 16 سے 19 جولائی تک ملک بھر میں طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کر رکھی ہے اور متوقع بارشوں کی وجہ سے برساتی نالوں میں اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہے۔ترجمان این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں۔واضح رہے کہ گزشتہ تین روز سے پنجاب، خیبر پختونخوا اور بالائی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔

 تاہم گزشتہ روز لاہور سمیت مختلف علاقے طوفانی بارشوں سے بہت متاثر ہوئے جبکہ لاہور شہر کسی دریا کا منظر پیش کر رہا تھا۔برساتی نالہ سنگھڑ میں طغیانی سے وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کا آبائی گاں بارتھی کا تونسہ اور ڈی جی خان سے زمینی رابطہ منقطع ہے جبکہ لاہور کے بازار میں بارشوں کی وجہ سے 15 فٹ گہرا شگاف بھی پڑ گیا۔