28

سیکرٹریٹ کینٹین میں کم وزن روٹی کی فروخت پر کاروائی

پشاور۔ خیبر پختونخوا کے وزیر خوراک حاجی قلندر خان لودھی نے منگل کے روز سول سیکرٹریٹ پشاور کی کینٹین کا اچانک دورہ کیا اور کینٹین میں فروخت کی جانے والی اشیاء خورودنوش کا معانہ کیا جس کے دوران روٹی کاوزن 190 گرام کی بجائے مبینہ طورپر 178 گرام پایا گیا جبکہ قیمت 15 روپے کی بجائے مبینہ طورپر 20 روپے وصول کی جارہی تھی جس پرصوبائی وزیر خوراک نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ خوراک کے متعلقہ افسران کو موقع پر کارروائی کرنے کی ہدایت کی جس کی یاداش میں متعلقہ حکام نے قانونی کارروائی کے تحت ایک شخص کو فوری جیل بھیج دیا۔ 

صوبائی وزیر خوراک نے کنٹین میں موجود اشیاء کی قیمتوں اور معیار کا جائزہ لیتے ہوئے کہاکہ صوبائی حکومت کے مقرر کردہ نرخوں اور وزن میں کمی بیشی کوہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور روٹی کی جو قیمت اور وزن حکومت نے مقرر کی ہے اس پر من وعن عمل ہونا چاہئے بصورت دیگر خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف سخت سے سخت تادیبی کارروائی ہوگی انہو ں نے واضح کیا کہ مصنوعی گرانی کی اجازت ہرگز نہیں دی جاسکتی وہ اس طرح کے اچانک چھاپے آئندہ بھی جاری رکھیں گے اور کم وزن پر روٹی فروخت کرنے والے نانبائیوں کے تندورسیل بھی کئے جاسکتے ہیں۔