43

ہسپتالوں میں لیول 2ٹراما سنٹر قائم کرنیکا فیصلہ

پشاور۔خیبر پختونخوا حکومت نے صوبہ بھر کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتالوں میں ”ایکسیڈنٹ اینڈ ایمرجنسی“ سمیت لیول 2ٹراما سنٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ٗ اس اقدام سے دور دراز اور پسماندہ اضلاع کے ایمرجنسی مریضوں کو اپنے ہی ضلع میں فوری علاج معالجے کی سہولیات دستیاب ہوجائیں گی ٗ محکمہ صحت نے پہلی مرتبہ جدید ہیومین ریسورس سیل کے تحت ڈیٹا بیس ماڈل بھی تیار کر لیا ہے جس کے ذریعے موجودہ اور آئندہ 5سال کی ضروریات معلوم ہو سکیں گی۔

 ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے منگل کے روز ”روزنامہ آج“ کے دفاتر کا دورہ کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے اس وقت صرف ایل آر ایچ میں ٹراما سنٹر کی سہولیات دستیاب ہیں جس کے باعث صوبے کے دور دراز کے علاقوں میں ٹریفک حادثات اور فائرنگ سے شدید زخمی افراد کو گھنٹوں کی مسافت کے بعد پشاور پہنچایا جاتا ہے ان میں بیشتر راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بستے ہیں۔

لہٰذا ہم نے رواں مالی سال کے اے ڈی پی میں ایک سکیم شامل کی ہے جس کے تحت اضلاع میں واقع ڈی ایچ کیو ہسپتالوں میں ایکسیڈنٹ اینڈ ایمرجنسی اور لیول ٹو کے ٹراما سنٹر قائم کئے جائینگے اس اقدام سے جہاں پشاور کے ہسپتال پر بوجھ کم ہوگا وہیں کہیں لوگوں کی جانیں بھی بچائی جا سکیں گی ان ایکسیڈنٹ اینڈ ایمرجنسی اور لیول ٹو ٹراما سنٹروں میں تمام ایمرجنسی سہولیات دستیاب ہونگی انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے اب تک محکمہ صحت کے پاس ڈاکٹروں اور ان کی سپشلٹی کا ڈیٹا ہی موجود نہیں تھا۔

 ہم نے جدید ہیومین ریسورس سیل قائم کیا ہے جس نے ڈیٹا بیس کا ماڈل تیار کر لیا ہے اس اقدام سے محکمہ صحت کو پہلی مرتبہ معلوم ہوا ہے کہ ڈاکٹر کتنے موجود ہیں اور مزید کتنے ڈاکٹروں کی ضرورت ہے اسی کے ساتھ ڈیٹا بیس ہمیں نہ صرف موجودہ سہولیات کی کمی کا انڈیکشن دیگا بلکہ آئندہ 5سال تک کی ضروریات جس میں ڈاکٹر ٗ نرسز ٗ پیرا میڈیکس اور دیگر طبی عملے سمیت جدید آلات بھی شامل ہیں کے بارے میں پیشگی اطلاع دیگا