27

ضلع خیبر میں مجموعی طور پر 345 پولنگ اسٹیشنز قائم

پشاور۔ صوبے میں ضم ہونیوالا قبائلی ضلع خیبر اور سابقہ ایف آر پشاور میں 20 جولائی کو ہونیوالے انتخابات کیلئے جامع سکیورٹی پلان تشکیل دیدیا گیا ہے ضلع خیبر میں مجموعی طور پر 345 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے جائیں گے جن میں 55 انتہائی حساس جبکہ 29کو حساس قرار دیا گیا ہے اسی طرح سابقہ ایف آر پشاور (حسن خیل سب ڈویژن) میں مجموعی طور پر 27 پولنگ اسٹیشنز قائم ہونگے مجموعی طور پر 5ہزار کے قریب پولیس نفری تعینات کی جائیگی۔

اس ضمن میں سی سی پی او پشاور محمد کریم خان نے ”آج“ سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ صوبے میں ضم ہونیوالے قبائلی ضلع خیبر اور سابقہ ایف آر پشاور(حسن خیل سب ڈویژن) میں پرامن ٗ صاف اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں انہوں نے کہاکہ ضلع خیبر میں مجموعی طور پر 345پولنگ اسٹیشنز قائم کئے جائیں گے جن میں خواتین کے131 ٗ مرد وں کے 181 جبکہ 30 مشترکہ پولنگ سٹیشز قائم کئے جائیں گے۔

 ان کی نگرانی ڈی پی او خیبر محمد حسین کرینگے جبکہ ان کے ساتھ ڈی ایس پیز،انسپکٹرز اور 3792 پولیس نفری کے ساتھ ساتھ خواتین پولیس اہلکار، کیو آر ایف موبائلز،ریپڈ رسپانس فورس کے اہلکار، رائیڈر سکواڈ، بی ڈی ایس یونٹ اور سنیفرڈاگزکی ٹیمیں موجود ہوں گی اسی طرح پشاور حسن خیل میں 27پولنگ سٹیشنز میں سے خواتین کے 5،مردوں کے 5جبکہ مشترکہ کیلئے 17پولنگ سٹیشنزقائم کئے گئے ہیں جن کی حفاظت کے لئے ایس پی صدر کی نگرانی میں ڈی ایس پیز،انسپکٹرز سمیت  942پولیس نفری کے ساتھ ساتھ خواتین پولیس اہلکار، کیو آر ایف موبائلز،ریپڈ رسپانس فورس کے اہلکار، رائیڈر سکواڈ، بی ڈی ایس یونٹ اور سنیفرڈاگز کی ٹیمیں موجود ہونگیں۔