35

29تھانوں کے 66 موبائل ڈرائیورز لائن حاضر

پشاور۔ چیف کیپٹل سٹی پولیس آفیسر پشاور (سی سی پی او) پشاور محمد کریم خان نے غیر ذمہ داری ٗ فرائض میں غفلت برتنے اور مبینہ طورپرجرائم پیشہ عناصر کیساتھ روابط رکھنے پر 29 تھانوں کے 66 موبائل ڈرائیوروں کو لائن حاضر کردیا جبکہ ان کی جگہ نئے ڈرائیوروں کی تعیناتی کیلئے فہرست تیار کرلی گئی ہے۔

 گزشتہ روز سی سی پی او کریم خان نے پشاور کے 29 تھانوں کے 66 موبائل ڈرائیوروں کو فوری طور پر ہٹا دیا ہے جن کے بارے میں مبینہ طور پر یہ خدشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ ان اہلکاروں کے جرائم پیشہ عناصر کے ساتھ مبینہ مراسم ہیں یہ اہلکار مبینہ طور پر کسی بھی پولیس کاروائی یا چھاپے سے قبل جرائم پیشہ عناصر کو پیشگی اطلاع دیتے جس کی وجہ سے جرائم پیشہ عناصر پولیس چھاپوں یا کاروائی سے قبل اپنے ٹھکانوں سے فرار ہونے میں کامیاب ہوجاتے تھے۔

 ان اطلاعات کی روشنی میں سی سی پی او نے فوری اور سخت ایکشن لیتے ہوئے ایم ٹی او کو نئے اہلکاروں کی فہرست تیار کرنے کی ہدایت کی جس پر ایم ٹی او نے ضلع بھر کے دیگر اہلکاروں کی فہرست تیار کرکے سی سی پی او کو پیش کردی جس پر گزشتہ روز بیک جنبش قلم تمام اہلکاروں کو ہٹا کر پولیس لائن بھجوا دیا واضح رہے کہ تبدیل ہونے والے اہلکار گزشتہ کئی عرصے سے پشاور کے مختلف تھانوں میں ڈیوٹی سرانجام دے رہے تھے۔