35

ٹیکس کلچر کو بدلے بغیر ملک کو اوپر اٹھانا ممکن نہیں ٗ تیمورجھگڑا

پشاور۔ٹیکس کلچر کو بدلے بغیر ملک کااوپر اٹھنا کسی بھی صورت ممکن نہیں مرکز سے اپنے حصہ کے واجبات کی وصولی کے لیے رابطے میں ہیں قاضی فارمولہ کو تسلیم کرلیا جائے تو قربانی دینے کے لیے بھی تیار ہیں آبی بقایہ جات کامسئلہ بھی حل کیاجائے گا پختونوں کا سب سے زیادہ استحصال ہوا مگر ان کی حب الوطنی کبھی بھی مشکو ک نہ ہوسکی سرکاری ملازمین کی ترقی کاطریقہ کار اب بدلنے کا وقت آچکاہے۔

ان خیالات کااظہار صوبائی وزیر خزانہ تیمورسلیم جھگڑا نے گذشتہ روز روزنامہ آج کے دورے کے موقع گفتگو کے دوران کیااپنے دورے کے دوران صوبائی وزیر نے اخبار کے مختلف شعبہ جات کامعائنہ کیا اور اخبار کی تیار ی کے مختلف مراحل میں گہری دلچسپی کااظہار کیا انہوں نے کہاکہ ہر کوئی ٹیکس دینے سے گریزاں ہے جبکہ سہولیات کاحصول اپنا حق سمجھتاہے فرسود ہ ٹیکس کلچر کی وجہ سے ہی ملک قرضوں کے بوجھ تلے دبتا چلاگیا مگر اب پہلی بار حقیقی ٹیکس کلچر کے فروغ کے لیے کوششوں کا آغازکیاجاچکاہے۔

اس سلسلہ میں سب کو اپنااپنا کردار ادا کرناہوگا انہوں نے کہاکہ مرکز کے ساتھ دو اہم ایشوزپر رابطے جاری ہیں پن بجلی منافع کی ادئیگی اے جی این قاضی فارمولے کے تحت یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ موجودہ انٹر م میکنز م میں بہتری لانے کے لیے کوششیں جاری ہیں ہماری کوشش ہے کہ پن بجلی کامنافع ماہانہ بنیادوں پر ادائیگی کا سسٹم متعارف کرایا جائے جس کی وجہ سے پھر اہداف کاحصول ممکن و آسان ہوسکے گا اس معاملہ پر وفا ق اصولی رضامند ی ظاہر کرچکاہے اور جلد ہی اچھی خبریں ملیں گے انہوں نے کہاکہ قاضی فارمولہ کامعاملہ دیکھاجائے تو پختونوں کو چالیس سال سے ان کے آئینی حق سے محروم رکھا گیا اس سے بڑی انصافی اورکیا ہوسکتی ہے مگر ا س کے باوجود پختونوں کے جذبہء حب الوطنی میں کوئی فرق نہیں آیا۔

 انہوں نے کہاکہ ماضی میں سرکاری ملازمین کی ترقی کاطریقہ کار نامناسب تھا محض سینیارٹی کی بنیاد پرترقی نے کئی مسائل کو جنم دیا اب یہ طریقہ کار تبدیل کیاجائے گا اور ترقی کامعیارکارکردگی کو بنایاجائے گا انہوں نے کہاکہ ریٹائرمنٹ کی عمر میں تین سال کے اضافہ سے ترقیوں اور بھرتیوں کے عمل پر کوئی فرق نہیں پڑے گا بلکہ رواں برس ہم تاریخی 47ہزار بھرتیاں کرنے والے ہیں انہوں نے کہاکہ ہم نے پورے صوبہ کے لیے بجٹ پیش کیا ہے اب وقت آگیاہے کہ یہ تاثر ختم کیاجائے کہ بجٹ چند مخصو ص اضلاع کے لیے ہی بنتاہے