109

سوات موٹر وے منصوبے پر کا م تیز کرنیکی ہدایت

پشاور۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبائی حکومت کے زیر تعمیر فلیگ شپ منصوبے سوات موٹر وے پر کام کی رفتار تیز کرنے اور معیاری تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے عندیہ دیا ہے کہ وہ خود بہت جلد منصوبے کی پراگرس کا جائزہ لیں گے اور تعمیراتی کاموں کا معائنہ کریں گے۔ انہوں نے سوات موٹر وے کے دوسرے فیز چکدرہ سے مینگورہ تک کے ڈیزائن کی نظر ثانی اور منصوبے کے تیسرے فیز یعنی مینگورہ سے چکڑے باغ ڈھیری تک کے ڈیزائن کو آنے والے ستمبر کے آخر تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ 

وزیراعلیٰ نے 35.25کلومیٹر طویل منگلور سے مالم جبہ روڈ کی تعمیر اور بلیک ٹاپنگ کا کام بھی ٹائم لائن کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے پشاور سے ڈی آئی خان موٹر وے کے مجوزہ منصوبے پر علیحدہ سے تفصیلی پریزنٹیشن دینے جبکہ ناردرن بائی پاس پر فوری اجلاس طلب کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پشاور سے ڈی آئی خان موٹر وے ایک اہم منصوبہ ثابت ہوسکتا ہے جو ضم شدہ قبائلی علاقوں کے لئے بھی خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔

ہزارہ موٹر وے، سوات موٹر وے اور پشاور سے ڈی آئی خان موٹر وے ملکر نہ صرف صوبے بلکہ اس خطے کو باہم مربوط کر سکتے ہیں جس سے ایک بہترین مواصلاتی نیٹ ورک سامنے آئے گا اور سیاحت و تجارت کو بہت فروغ ملے گا۔ وہ وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں اجلاس کی صدارت کر رہے تھے وزیراعلیٰ کو سوات موٹر وے، مالم جبہ روڈ، شیرکوٹ سے ہنگو روڈ اور پشاور سے ڈی آئی خان موٹر وے پر پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

 اجلاس کو خصوصی طور پر سوات موٹر وے کے تیسرے مرحلے  "مینگورہ سے باغ ڈھیری " کے ڈیزائن کی تیاری اور اہم فیچرز سے آگاہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ منصوبے کا تیسرا فیز مینگورہ سے باغ ڈھیری تک تقریباً 42کلومیٹر پر مشتمل ہے جس میں پانچ انٹر چینجزکی منصوبہ بندی کی گئی ہے جن میں مینگورہ کانجوانٹر چینج، مالم جبہ چار باغ انٹر چینج، شیرپالم انٹر چینج، مٹہ خوازہ خیلہ انٹر چینج او ر باغ ڈھیری چکڑے انٹر چینج شامل ہیں۔ 

منصوبے کے تیسرے مرحلے کا سروے تقریباً چالیس فیصد مکمل ہو چکا ہے۔ وزیراعلیٰ نے منصوبے کے تیسرے فیز کی فیزبیلیٹی سٹڈی، پی سی ون وغیرہ سمیت تمام ڈیزائن کو ستمبر 2019کے آخر تک مکمل کرنے جبکہ فیز ٹو چکدرہ سے مینگورہ کے ڈیزائن پر نظر ثانی کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اجلا س کو آگاہ کیا گیا کہ 2257.599ملین روپے کی منظور شدہ لاگت سے 32.25کلومیٹر طویل منگلور سے مالم جبہ روڈ کی تعمیر اور بلیک ٹاپنگ کاکام بھی جاری ہے۔ 

وزیراعلیٰ نے مذکورہ منصوبے پر کام تیز کرنے اور آئندہ سکائنگ سیزن سے پہلے تیار کرنے کے لئے بھر پور کوششیں یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے 24کلومیٹر طویل شیر کوٹ تا ہنگو روڈ کی تکمیل کے لئے وسائل کا مسئلہ حل کرنے کی بھی ہدایت کی۔