35

ریلوے حادثات کے ذمہ داران کو ایک ماہ کے اندر سزا دینے کا فیصلہ

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکام نے ریلوے حادثات کے ذمہ داران کو ایک ماہ کے اندر سزا دینے کا فیصلہ کرلیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ عوام کو ہر طرح کی سہولت فراہم کرنا ریلوے کا حق ہے۔ انہوں نے ریلوے حادثات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں ٹرین کے افسوس ناک حادثات ہوئے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر ریلوے نے بتایا کہ حادثات سے بچنا صرف ریلوے ٹریک کی تبدیلی کی وجہ سے ہی ممکن ہے۔

انہوں نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ وزارت ریلوے جلد ٹریک کی تبدیلی اور سگنلز کی تبدیلی کا بھی ٹینڈر کھول دیا جائے گا۔

صحافی نے ان کے استعفے سے متعلق سوال کیا تو شیخ رشید احمد نے جواب دیا کہ ان کی بطور وزیر کارکردگی گزشتہ تمام وزرا سے بہتر رہی ہے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ انہوں نے ریلوے کی بہتری کے لیے کام کیا، جبکہ تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود ریلوے کا خسارہ کم کیا۔

انہوں نے بتایا کہ حکام نے ریلوے حادثات کے ذمہ داران کو ایک ماہ کے اندر سزا دینے کا فیصلہ کرلیا۔ خیال رہے کہ صوبہ پنجاب کے شہر صادق آباد میں ولہار اسٹیشن پر اکبر ایکسپریس اور مال گاڑی آپس میں ٹکرا گئیں جس کی نتیجے میں 23 افراد جاں بحق جبکہ 85 زخمی ہوگئے تھے۔

وزیر ریلوے شیخ رشید نے حادثے پر قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا تھا کہ 'حادثہ بظاہر انسانی غفلت کا نتیجہ لگتا ہے، غفلت برتنےوالوں کومعاف نہیں کریں گے'۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ جماعت دو دھڑوں میں دکھائی دیتی ہے، اسے مریم نواز نے تباہ کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ پہلے آدمی تھے جس نے عمران خان سے کہا تھا کہ ان لوگوں کو ملک سے باہر جانے دیں اور خود آرام کے ساتھ حکومت کریں، ورنہ یہ لوگ ملک میں خرابیاں پیدا کریں گے۔

شیخ رشید احمد نے عرب بادشاہ کا نام لیے بغیر کہا کہ جب اس نے وزیراعظم سے نواز شریف کی رہائی سے متعلق بات کی تو عمران خان نے جواب دیا کہ 'یہ نہیں ہوگا'۔ انہوں نے جج ارشد ملک کی مبینہ ویڈیو سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ یہ ویڈیو ان کے گلے پڑ جائے گی، اب پاکستان میں ویڈیو کی سیاست کا دور ختم ہوچکا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا سے متعلق شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملنے جارہے ہیں، یہ پاکستان کی تاریخ میں اہم ملاقات ہوگی۔ انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ عمران خان اور ڈونلڈ ٹرمپ کا مزاج ایک جیسا ہی ہے، اللہ خیر کرے۔