28

سابق حکمرانوں کے اخراجات کی تفصیلات پیش

اسلام آباد۔ وزیر اعظم عمران خان نے سا بق ادوار میں اڑائی دولت کے ایک ایک پیسے کا حساب لینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق حکمران قومی خزانے سے پر تعیش دورے کرتے رہے، ملک اور قوم کو غیر ملکی دوروں سے کیا حاصل ہوا، وفاقی کابینہ اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان کو بتایا گیا کہ نواز شریف دور میں ایک ارب 42 کروڑ 15 لاکھ روپے غیر ملکی دوروں پر خرچ ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف اور سابق صدر آصف زرداری کے دور میں اخراجات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ نواز شریف کے دور میں 1421.5 ملین (ایک ارب 42 کروڑ 15 لاکھ)روپے غیر ملکی دوروں پر خرچ ہوئے، زرداری کے غیر ملکی دوروں پر 183.5 ملین (18 کروڑ 35 لاکھ)روپے خرچ ہوئے۔

جلاس کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ سابق حکمران قومی خزانے سے پر تعیش دورے کرتے رہے، ملک اور قوم کو غیر ملکی دوروں سے کیا حاصل ہوا۔وزیر اعظم نے سابق ادوار میں اڑائی دولت کے ایک ایک پیسے کا حساب لینے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔

 وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) ری اسٹرکچرنگ پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ سول سروسز اصلاحات کمیٹی کی تجاویز پر بھی رپورٹ پیش کی گئی۔اجلاس میں احتساب عدالت کے جج کی مبینہ ویڈیو ٹیپ کا معاملہ بھی زیر بحث رہا۔کابینہ اجلاس کے 12 نکاتی ایجنڈے میں قطری شہریوں کو آن ارائیول ویزہ سہولت فراہم کرنے کا معاملہ بھی زیر غور آیا جبکہ کابینہ کو وزیر اعظم کے دورہ امریکا سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔