35

پشاور میں سکیورٹی مزید بہتر بنانے کیلئے لائحہ عمل طے

پشاور۔کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے گنجان آباد بازاروں میں سکیورٹی کو مزید بہتر بنانے کیلئے پولیس گشت میں اضافہ اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے لائحہ عمل طے کرلیا ہے

 اس ضمن میں گزشتہ روز انجمن تاجران کے صدر حاجی افضل کی قیادت میں وفد نے سی سی پی او پشاور محمد کریم خان کے ساتھ ملاقات کی وفد میں جنرل سکرٹری شوکت علی خان، ظفر خٹک، اختر علی اور دیگررہنماشامل تھے ملاقات کے دوران ایس ایس پی آپریشن ظہور بابر آفریدی بھی موجود تھے ملا قات کے دوران سی سی پی او کریم خان نے شہرمیں امن و امان کے قیام اور جرائم کی روک تھام کی خاطر تاجر برادری کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے واضح کیا کہ پشاور پولیس تاجروں کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے

 انہوں نے کہا کہ منشیات خصوصا ًآئس کیخلاف شعور و آگاہی اجاگر کرنے کی خاطر تاجروں کی جانب سے آگاہی واکس کا اہتمام لائق تحسین ہے انہوں نے کہا کہ شہر کی آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے جس کو مد نظر رکھتے ہوئے اضافی افراد ی قوت فراہم کر رہے ہیں، انہوں نے امید ظاہر کی اضافی نفری کی تعیناتی سے نہ صرف جرائم پر مکمل قابو پایا جا سکے گا بلکہ شہر میں ٹریفک مسائل میں بھی کمی آئے گی سی سی پی او نے اس موقع پر واضح کیا کہ پشاور پولیس نے اسٹریٹ کرائمز میں ملوث ملزمان کے خلاف منظم اور جامع کریک ڈاون کا آغاز کر رکھا ہے جس کے دوران اب تک درجنوں ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔