56

مودی کی نئی کابینہ کا اعلان، سابق سیکریٹری خارجہ ایس جے شنکر وزیرخارجہ مقرر

نئی دہلی: بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اپنی نئی حکومت کے لیےکابینہ کا اعلان کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بی جے پی کے امیت شاہ مودی کی کابینہ میں وزیر داخلہ ہوں گے جب کہ گزشتہ حکومت کے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کو وزیر دفاع کا قلمدان سونپا گیا ہے۔

سابق وزیر دفاع نرملا سیتھارامن اس بار بھارت کی وزیر خزانہ مقرر کی گئی ہیں، وہ بھارت کی سابق وزیراعظم اندرا گاندھی کے بعد پہلی خاتون وزیر خزانہ ہیں۔

سابق وزیر خزانہ ارون جیٹلی کو خرابی صحت کی بناء پر کابینہ میں شامل نہیں کیا گیاہے۔

اس کے علاوہ اس بار بھارت کی کابینہ میں پہلی مرتبہ ایک کیرئیر ڈپلومیٹ کو وزارت خارجہ کا قلمدان سونپا گیا ہے جس کے تحت سابق سیکریٹری خارجہ ایس جے شنکر کو ریٹائرمنٹ کے 16 ماہ بعد ہی مودی حکومت کا وزیر خارجہ مقرر کیا گیا ہے۔

سمریتی ایرانی ویمن اینڈ چائلڈ ڈیولپمنٹ کی وزیر ہوں گی اور پیوش گویل ریلوے سمیت کامرس اینڈ انڈسٹری کی وزارت سنبھالیں گے جب کہ مختار عباس نقوی کو اقلیتی امور کا وزیر بنایا گیا ہے۔

بھارتی وزیراعظم نریندری مودی اٹامک انرجی اور اسپیس کے محکمے اپنے پاس رکھیں گے۔