28

جمہوریت کی مضبوطی کیلئے آزاد میڈیا کا ہو نا ضروری ہے‘فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد۔معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ میڈیا جتنا آزاد اور مضبوط ہوگا،جمہوریت اتنی ہی مضبوط ہوگی،قائمہ کمیٹی میڈیا کی بہتری کیلئے لائن آف ایکشن بنائے ہم اس پر عملدرآمد کریں گے،جب میڈیا مالکان کو بقایا جات دیں گے تو پہلے صحافیوں کے واجبات کی ادائیگی انشورکریں گے،میڈیا، پی ٹی وی،پیمرا اور دیگر اداروں کی بہتری کیلئے اپوزیشن کی تجاویز کا خیرمقدم کریں گے۔

 بدھ کو میاں جاوید لطیف کی صدارت میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات ونشریات کا اجلاس ہوا جس میں معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان قائمہ کمیٹی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ پارلیمنٹ میں ہم حکومت اور اپوزیشن نہیں بلکہ عوام کے نمائندے اور انکو جوابدہ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ میڈیا جتنا آزاد اور مضبوط ہوگا،جمہوریت اتنی ہی مضبوط ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ گر میڈیا کی آزادی میں کوئی بھی مسئلہ آئے تو ہم بہتری کیلئے کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی وی قومی ادارہ ہے جو قوم کی امنگوں کے مطابق کام کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ قائمہ کمیٹی میڈیا کی بہتری کیلئے لائن آف ایکشن بنائے ہم اس پر عملدرآمد کریں گے۔معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ میڈیا کو 10 سے 15 فیصد اشتہارات سرکاری شعبے سے ملتے ہیں،85فیصد اشتہارات نجی شعبے سے آتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ حکومت کے واجب الادا اشتہارات کے مسائل کے حل کیلئے ہم سنجیدگی سے کوشاں ہیں۔

 انہوں نے کہاکہ اخبارات کے مالکان اور وزارت اطلاعات کے اشتہارات سے متعلق اعداد و شمار مختلف تھے انہوں نے کہاکہ بات چیت کے بعد میڈیا اور وزارت اطلاعات کے درمیان معاملات بہت حد تک طے ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایک طریقہ کار طے کرچکے ہیں، جب میڈیا مالکان کو بقایا جات دیں گے تو پہلے صحافیوں کے واجبات کی ادائیگی انشورکریں گے۔انہوں نے کہاکہ کوشش ہے کہ میڈیا مالکان کیطرف سے عید سے پہلے صحافیوں کے واجبات کی ادائیگی انشورہوجائے۔ انہوں نے کہاکہ میڈیا، پی ٹی وی،پیمرا اور دیگر اداروں کی بہتری کیلئے اپوزیشن کی تجاویز کا خیرمقدم کریں گے۔