44

مقبوضہ کشمیر‘نوجوان کی شہادت پر مظاہرے

سرینگر۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے آج ضلع کولگام میں پرامن احتجاجی مظاہرین پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کرکے 50سے زائد افراد کو زخمی کردیا جن میں سے کئی شدید زخمی ہیں۔

 کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ضلع کے علاقے تیزی پورہ محمدپورہ میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ایک نوجوان کی شہادت پر لوگ گھروں سے باہر آئے اور زبردست احتجاجی مظاہرے کئے۔ بھارتی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے گولیاں اور پیلٹ فائرکئے اور آنسو گیس کے گولے داغے جس کے بعد مظاہرین اور فورسز اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں شروع ہوگئیں۔

 بھارتی فورسز نے طاقت کا وحشیانہ استعمال کرکے 50سے زائد افراد کو زخمی کردیا جن میں سے چار افراد شدید زخمی ہیں۔ زخمیوں کو علاج کے لیے محمد پورہ کے پرائمری ہیلتھ سینٹر منتقل کیا گیا جبکہ چھ زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال کولگام لے جایا گیا۔