43

شمالی وزیرستان کے متاثرین کیلئے نقد امداد کی قسط جاری

پشاور۔پراونشیل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے شمالی وزیرستان کے متاثرین کیلئے تقریباً 19 کروڑ روپیپر مشتمل ماہانہ نقد امدادی رقم کی ماہ اپریل کیلئے قسط جاری کردی جو آئندہ ایک دو دن میں ضروری کارروائی کے بعد متاثرین کو معمول کے مطابق سم کارڈ کے ذریعے ملنا شروع ہو جا ئیگا۔ 

پی ڈی ایم اے کے ترجمان کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ مذکورہ رقم فی خاندان 12 ہزار روپے شمالی وزیرستان کے تقریباً  ان پندرہ ہزاررجسٹرڈ خاندانوں کو کیش کی صورت میں دیا جائے گا جن کی ابھی تک واپسی نہیں ہو ئی ہے اور جو بکاخیل ائی ڈی پیز کیمپ یا دیگر علاقوں میں رہائش پذیر ہیں۔ اس موقع پرڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ مرجر کے بعد پہلی بار قبائلی علاقوں کے بے گھر بھائیوں کی امداد کرکے بڑی خوشی ہو رہی ہے اور ائندہ بھی ان لوگوں کے مشکلات اور مسائل کو حل کرنے کی بھرپور کوشش کرینگے اور پی ڈی ایم اے ہر قدم پر اپنے قبائلی بھائیوں کے ساتھ کھڑی رہے گی اور ان کے مشکلات پر ہر ممکن قابو پانے کی کوشش کرے گی۔

انہوں نے اس امر کا بھی اعادہ کیا کہ پی ڈی ایم اے جلد سے جلد ان لوگوں کو باعزت طریقے سے اپنے گھروں کو واپس بھیجنے کیلئے تیاریاں کررہی ہے۔ یاد رہے کہ مرجر کے بعد رواں ماہ ایف ڈی ایم اے کے خاتمے کے بعد پہلی بار صوبائی ڈیزاسٹر  مینجمنٹ اتھارٹی(پی ڈی ایم اے) کی طرف سے متاثرین کو امدادی رقم کی قسط جاری کی گئی ہے۔