59

پشاورسے کراچی تک ریلوے لائن پر کام کا آغاز اگلے سال متوقع

اسلام آباد۔سی پیک کے تحت پشاورسے کراچی تک ریلوے لائن ایم ایل ون پر کام جنوری 2020میں شروع ہوگا۔

منصوبے کوتین فیز میں مکمل کیاجائے گا فیز ون میں نوشہرہ اورکوٹری سیکشن پر کام شروع ہوگا۔فیزون کاابتدائی ڈیزائن فائنل ہوگیاجس کاپی سی ون منظوری کے لیے منصوبہ بندی کمیشن کوبھیج دیاگیا،فیزون پر 2ارب24کروڑ80لاکھ ڈالرخرچ کاتخمینہ لگایاگیاہے اور یہ منصوبہ 4سال میں مکمل کیاجائے گا۔

ایم ایل ون کوڈبل اور ٹرین کی رفتار 160کلومیٹرفی گھنٹہ کی جائے گی ٹریک کے گردمکمل طور پر باڑ اورریلوے کراسنگ پر پل بنائیں جائیں گے۔اس خبررساں ادارے کے مطابق سی پیک کے تحت ریلوے لائن ایم ایل ون پر کام تاخیرکاشکارہوگیا ہے۔

وزارت ریلوے نے ایم ایل ون کے فیزون کے ابتدائی ڈیزائن کوفائنل کرنے میں تاخیرکی وجہ سے کام شروع کرنے میں تاخیرہوئی ہے۔جس کی وجہ سے سی پیک کے تحت پشاورسے کراچی تک ریلوے لائن ایم ایل ون کے فیز ون پر کام جنوری 2020میں شروع ہوگا۔فیز ون کاابتدائی ڈیزائن جون میں مکمل ہوگیاہے جبکہ فیز ٹو کاابتدائی ڈیزائن ابھی تک مکمل نہیں ہوا ہے جو کہ دسمبر 2019میں مکمل ہوگافیزون کے ابتدائی ڈیزائن کے بعد وزارت ریلوے نے منصوبہ بندی کمیشن کوبھیج دیاہے۔ایم ایل ون کے پی سی ون کی منظوری کو سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کی سفارشات پر انتظامی کمیٹی برائے قومی اقتصادی کونسل (ایکنک) میں پیش کرنے کاکہاہے۔ایکنک نے بھی ابھی تک ایم ایل ون کے فیز ون کی پی سی ون کی منظوری نہیں دی ہے۔فیزون پر 2ارب24کروڑ80لاکھ ڈالرخرچ کاتخمینہ لگایاگیاہے اور یہ منصوبہ 4سال میں مکمل کیاجائے گا۔

ذرائع کاکہناہے کہ ایم ایل ون کے سیکشن کوٹری سب سے زیادہ خراب سیکشن ہے جس کی وجہ سے فیصلہ کیاگیاہے کہ پہلے کوٹری پر کام شروع کیاجائے اس لیے کوٹری اور نوشہرہ سیکشن کوفیزون میں رکھاگیاہے حال ہی میں دو مال گاڑیوں کو حادثہ بھی کوٹری سیکشن میں ہوا تھا۔سی پیک کے فیز ٹو کی ابتدائی ڈیزائن دسمبر2019میں مکمل ہوگا اس کے بعد فیز ٹو کے پی سی ون کو وزارت منصوبہ بندی کے پاس بھیجاجائے گا۔ایم ایل ون کے فیزٹو میں راولپنڈی لاہورسیکشن شامل ہیں۔ایم ایل ون پر کام کے دوران سب سے بڑاچیلنج ٹرینوں کووقت پر چلانا،غیرملکی مزدوروں اور انجئنیرز کی سیکورٹی اور ریلوے کراسنگ پر پلوں کی تعمیرکے دوران ٹریفک کی روانی جاری رکھناہے۔